ڈاکٹر عمار رضوی کی مزار پر حاضری، یومِ پیدائش پر منعقدہ تقریب میں شرکت
بارہ بنکی (پریس ریلیز/ابوشحمہ انصاری): معروف سیاسی, تعلیمی و سماجی شخصیت، سابق کارگزار وزیر اعلیٰ اتر پردیش، سابق ڈپٹی اسپیکر اسمبلی، سابق وزیر و قائدِ حزبِ اختلاف اور رفیع احمد میموریل ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر عمار رضوی نے 18 فروری کو عظیم مجاہدِ آزادی اور سابق مرکزی وزیر رفیع احمد قدوائی کی یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ پروگرام رفیع احمد قدوائی میموریل ٹرسٹ، مسولی، بارہ بنکی کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں علاقے کے معززین اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رضوی نے مسولی میں واقع مرحوم رفیع احمد قدوائی کی مزار پر حاضری دی، چادر پوشی کی اور ان کی تصویر پر گلِ ہائے عقیدت پیش کر کے سورہ فاتحہ پڑھ کر ان کی قومی و ملی خدمات کو یاد کیا۔
تقریب میں موجود عوام نے آزادیٔ ہند کی جدوجہد میں رفیع احمد قدوائی کی بے مثال قربانیوں اور عوامی خدمات کو نہایت احترام کے ساتھ یاد کیا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم رہنما نے اپنی پوری زندگی ملک کی خدمت، انگریزوں کی غلامی کے خلاف جدوجہد اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی تھی، جس کے باعث آج بھی عوام کے دلوں میں ان کے لیے غیر معمولی محبت پائی جاتی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمار رضوی نے کہا کہ رفیع احمد قدوائی کی شخصیت سادگی، دیانت اور عوامی خدمت کی روشن مثال تھی۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ اقتدار میں رہنے کے باوجود ان کے خاندان کے پاس ذاتی مکان تک نہیں تھا اور وہ زندگی بھر قرض کے بوجھ کے باوجود عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ ان کے دروازے پر آنے والا کوئی شخص کبھی مایوس واپس نہیں لوٹا، جو ان کے بلند کردار اور عوامی وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔
ڈاکٹر عمار رضوی نے مزید کہا کہ آج کے دور میں ایسے بے لوث اور اصول پسند قائدین کی زندگی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے نظریات، سادگی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ معاشرہ مثبت سمت میں آگے بڑھ سکے۔
تقریب میں ڈاکٹر ہارون رضوی، صابق پرنسپل، شیعہ پوسٹ گریجویٹ کالج، لکھنو، وجے بہادر، جمیل حسن نقوی، راگھو رام یادو، رکنِ اسمبلی کے نمائندہ للن ورما، ممتاز کامل قدوائی، توقیر قدوائی، مسعود اشرف، سریندر پانڈے، صبا ظہیر، فاطمہ سبیحہ، طارق قدوائی، ستیش سنگھ، کے کے روبیلا سمیت متعدد معزز شخصیات اور علاقے کے عوام کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے مرحوم رہنما کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کا ماحول عقیدت، احترام اور قومی یکجہتی کے جذبات سے معمور رہا، جہاں رفیع احمد قدوائی کی جدوجہد اور عوامی خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

