گورنمنٹ جبلی انٹر کالج میں یادگار الوداعی تقریب

لکھنؤ، 31 مارچ 2026: گورنمنٹ جبلی انٹر کالج لکھنؤ میں آج ایک پر وقار اور جذباتی وداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ادارے کے دو سینئر اساتذہ محمد مستغیث خان اور اجھے لال ورما کی طویل تدریسی کے خدمات کے بعد سبکدوش ہونے پر کالج کے اساتذہ اور عملے کی بڑی تعداد شریک رہی۔ اس موقع پر مقررین نے دونوں اساتذہ کی تعلیمی، تربیتی اور انتظامی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی محنت، اخلاص اور ذمہ داری کے احساس سے ادارے کے معیار کو بلند کیا۔

اس موقع پر راجکیہ شکشک سنگھ کے صوبائی سکریٹری نور الہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمد مستغیث خان اور اجھے لال ورما نہ صرف بہترین اساتذہ تھے بلکہ نئی نسل کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور تعلیمی میدان میں ان کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔

اسی طرح تنظیم کے صوبائی صدر ستیہ شنکر مشرا نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں اساتذہ نے اپنی زندگی کا قیمتی وقت تعلیم کے فروغ کے لیے وقف کیا اور ہزاروں طلبہ کو علم کی روشنی سے منور کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی یہ اساتذہ سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں سے جڑے رہیں گے۔

اسی موقع پر ڈاکٹر برجیش کمار ضلع صدر راجکیہ شکشک سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد مستغیث خان اور اجھے لال ورما کی ریٹائرمنٹ تعلیمی حلقوں کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اساتذہ نے اپنی پوری ملازمت دیانت داری، وقت کی پابندی اور طلبہ کی بہترین رہنمائی کے ساتھ انجام دی۔ ان کی خدمات صرف کلاس روم تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے ادارے کی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر برجیش کمار نے مزید کہا کہ ایسے اساتذہ نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہوتے ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ لگن آنے والے اساتذہ کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی زندگی صحت، خوشیوں اور کامیابیوں سے بھرپور رہے۔

معروف استاذ ڈاکٹر شاہد رضی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسے اساتذہ کسی بھی ادارے کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کی تعلیمی وابستگی ایک مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ آخر میں جبلی کے پرنسپل ڈاکٹر اشوتوش کمار سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمد مستغیث خان اور اجھے لال ورما کی خدمات ادارے کے لیے ایک قیمتی سرمایہ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اساتذہ نے نہایت ذمہ داری، محنت اور اخلاص کے ساتھ تدریسی فرائض انجام دیے اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔

اس تقریب کے اختتام پر دونوں ریٹائر ہونے والے اساتذہ کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے اور حاضرین نے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر پون کمار گپتا، انل کمار گپتا، اجے کمار پانڈے، راجیو سنگھ، نیہا جیسوال، پوجا گپتا، کرتی جورسیا، ریتا پرساد اور رشمی کے علاوہ دیگر اساتذہ اور اور انتظامی عملہ کے افراد موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے