بھیڑ مہا منڈل کے ڈائریکٹر نے بورال کا دورہ کیا
بیدر۔ یکم اپریل (محمدیوسف رحیم بیدری): ریاستی بھیڑ مہا منڈل کے ڈائریکٹر پنڈت راؤ چدری نے بدھ کے روز اوراد تعلقہ کے بورال گاؤں کا دورہ کیا اور اس واقعہ کا معائنہ کیا جہاں ایک چرواہا اور بھیڑ ایک گودام میں حادثاتی طور پر آگ لگنے سے زندہ جل گئے تھے۔منگل کی رات لگنے والی آگ میں چرواہا شنکر اِرگونڈ میترے (62سالہ) اور اس کی 45 بھیڑیں جو گودام میںبندھی ہوئی تھیں، زندہ جل گئیں۔ انہوں نے کہا کہ شبہ ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہو گی۔اس واقعہ سے شنکر کا خاندان پریشان اور غم زدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول ہے۔انہوں نے ریاستی حکومت سے مرنیو الے کے خاندان کو 10؍لاکھ روپے معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی۔اور متعلقہ محکمہ مردہ بھیڑوں کا معاوضہ فراہم کرے۔
اس موقع پر انیمل ہسبنڈری اور ویٹرنری سرویس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائرکٹر نرسپا،جسکام AEE رمیش پاٹل، شیپ کارپوریشن آفیسر یوگیش کلکرنی، اوراد تحصیلدار مہیش پاٹل، اوراد تعلقہ اسسٹنٹ ڈائرکٹر آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سروسز ڈپارٹمنٹ قریشی موجود تھے۔واضح رہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کانام قریشی نہیں ہوسکتا۔ قریشی تو سرنام (قبیلہ جاتی اور خاندانی نام) ہواکرتاہے۔ نام کے ضمن میں صرف قریشی لکھنا لاپروائی ہے۔

