کلبرگی 3 / اکتوبر.(محمدیوسف رحیم بیدری): انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ کے زیر اہتمام ” آرٹیکل 371 (جے) کی خصوصی مراعات” کے زیرِ عنوان ممتاز جہدکار ڈاکٹر لکشمن دستی صدر کلیان کرناٹک ہوراٹا سمیتی کلبرگی کا توسیعی لیکچر بہ صدارت ڈاکٹر اکرم نقاش صدر انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ ، بتاریخ 6 / اکتوبر 2024 بروز اتوار 30-11 بجے دن بمقام خواجہ بنده نوازؒ ایوانِ اردو انجمن کامپلیکس اسٹیشن روڈ گلبرگہ منعقد ہے.
واضح رہے کہ آرٹیکل 371 (جے) کی خصوصی مراعات سے واقفیت اس علاقے کے ہر ذی علم شہری کے لئے انتہائی ضروری ہے تاکہ ہمارے ساتھ تعلیم، روزگار، پروموشنس و دیگر شعبوں میں کوئی نا انصافی ہو تو اس کے خلاف آواز اٹھائی جاسکے اور ہر حال میں اپنے حقوق کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے. اس اجلاس میں بحیثیت مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر وہاب عندلیب سابق صدرنشین کرناٹک اردواکیڈمی بنگلور اور جناب امجد جاوید موظف پرنسپال نیشنل پی یو کالج گلبرگہ شرکت فرمائیں گے اور ڈاکٹر ماجد داغی معتمد انجمن ترقی اردو ہند (شاخ) گلبرگہ افتتاحی کلمات پیش کرینگے جبکہ ڈاکٹر منظور احمد دکنی لیکچرر شعبہ اردو گلبرگہ یونیورسٹی مہمانِ خصوصی کا تعارف و استقبال فرمائیں گے. عہدیداران و اراکینِ عاملہ نے عوام الناس سے اس اجلاس میں شرکت کی خواہش کی ہے.
