مولانا ملک محمد احمد ندوی کی پی ایچ ڈی کی تکمیل پر تہنیتی نشست 
لکھنؤ (۴؍ اکتوبر): معروف عربی ماہ نامہ البعث الاسلامی لکھنؤ ، محض ایک مجلہ ہی نہیں ، ایک مکمل تحریک ہے ۔ اس کی خدمات کا دائرہ دین، علم ، بحث ، تحقیق، ادب اور صحافت جیسے موضوعات پر مشتمل ہے۔
ان خیالات کاا ظہار استاد دار العلوم ندوۃ العلماء مولانا ڈاکٹر محمد فرمان ندوی مدیر البعث الاسلامی نے کیا ، وہ آج کتب خانہ علامہ شبلی ندوۃ العلماء میں ایک تہنیتی نشست کو خطاب کررہے تھے ۔ یہ نشست کتب خانہ کے شعبہ انگریزی کے کارکن مولانا ملک محمد احمد ندوی کی ڈاکٹریٹ (Ph.D ) مکمل ہونے پر منعقد ہوئی تھی ۔
مولانا محمد فرمان ندوی نے اس موقع پرکہا کہ موقر ماہ نامہ البعث الاسلامی کا اجرا  ۱۹۵۵؁ء میں عربی کے ممتاز اہل قلم مولانا سید محمد الحسنی ؒ نے اپنے عم محترم مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی حسنی ندوی کی سرپرستی میں کیا تھا، مولاناسید محمدمیاںکی وفات ۱۹۷۹ کے بعدان کے قدیم رفیق مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء اس کے چیف ایڈیٹر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس ماہ نامہ کا مقصد فکر اسلامی کی ترجمانی اور اسلامی دعوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توفیق الہی سے یہ ماہ نامہ ستر برسوں سے پابندی سے شائع ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مولانا ملک محمد احمد ندوی کو ان کے تحقیقی کام کی تکمیل پر مبارک باد دیتے ہیں۔
  مشہور اسکالر، خانوادہ ماجدی کے چشم و چراغ مولانا نعیم الرحمن صدیقی ندوی نے کہاکہ ماہ نامہ البعث الاسلامی ایک مثالی جریدہ ہے، جو عالمی معیار کا ہے ۔ ہم وابستگان مادر علمی کے لئے یہ امرباعث شکر ولائق مسرت ہے کہ اس مقتدر جریدے کو شروع ہی سے عربی زبان و ادب کے چوٹی کے اہل علم و ادباء کا تعاون حاصل رہا ہے ۔ اس کے مشمولات ملک و بیرون ملک کے محققین کی توجہ اور علمی دلچسپی کا مرکز رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس کااشاریہ( انڈکس) ’’کشاف مجلۃ البعث الاسلامی‘‘ ایک جلد میں مولانا سید ازہر حسین ندوی مقیم مسقط ( عمان ) نے تیار کیا ،ڈاکٹر ابو ذر متین شعبہ عربی، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی نے ’’کتاب الوفیات ‘‘کے نام سے دو جلدوں میں اپنی تحقیق مکمل کی ہے، اور سید مدثر احمد شعبہ عربی ایلفو ( حیدرآباد )نے اسی موضوع پرایم اے کیا ہے ۔
مولانا نعیم الرحمن ندوی نے کہا کہ بانی مدیر کے حالات وخدمات پر مولانا ڈاکٹر ایوب تاج الدین ندوی نے محمد الحسنی حیاتہ و آثارہکے نام سے اور مولانا ڈاکٹر محمد فرمان ندوی نے موجودہ چیف ایڈیٹر مولانا سعید الرحمن اعظمی ندوی کے حالات و خدمات پر سعید الأعظمی الندوی ومساھمتہ  فی تطویر اللغۃ العربیۃ والأدب العربیکے نام سے تحقیقی کتابیں لکھیں ۔اب تازہ تحقیقی کام ہمارے سابق ہم کار مولانا ڈاکٹر ملک محمد احمد ندوی نے کیا ہے ۔ ہم ان کو مبارک باد دیتے ہیں۔
مولانا محمد فیضان نگرامی ندوی ناظر کتب خانہ علامہ شبلی نعمانی ، ندوۃ العلماء نے کہاکہ مولانا ملک محمد احمد ندوی نے یہ علمی کام بڑی محنت اور کاوش سے کیا ہے ، اس کی تکمیل پرہم ان کو مبارک باد دیتے ہیں۔ مولانا ظفر الدین ندوی استاذ دا رالعلوم ندوۃ العلماء نے کہا کہ البعث الاسلامی ایسا عربی ماہ نامہ ہے ، جس نے عربوں میں اسلامی بیداری لانے کا قابل ستایش کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالم عرب کے ممتازعلماء بڑی بے صبری سے اس کا انتظار کرتے ہیں ۔
مولانا ملک محمد احمد ندوی ریسرچ اسکالر خواجہ معین الدین چشتی لسانیات یونیورسٹی نے اپنے مقالہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے ماہ نامہ البعث الاسلامی میں شائع ۳۰؍ شخصیات کے وفیاتی مضامین کو اپنی تحقیق کا موضوع بنایا، مقالہ کا عنوان ہے: أعلام الکتاب والناثرین من العرب  والعجم فی مجلۃ البعث الاسلامی من ۲۰۰۰م الی ۲۰۲۰م یعنی البعث الاسلامی میں عرب و عجم کے نمایاں مؤلفین و نثرنگار (۲۰۰۰ء سے ۲۰۲۰ء تک)۔ یہ مقالہ ہم نے اپنے شعبۂ عربی خواجہ معین الدین چشتی لسانیات یونیورسٹی کے صدر پروفیسر مسعود عالم فلاحی کی نگرانی میں لکھاہے ۔ہمارا وائیوا ( زبانی امتحان) پروفیسرفیضان احمد شعبۂ عربی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے لیا ۔ اور انہوں نے ہماری حوصلہ افزائی اور مقالہ کی ستایش کی۔ نشست کا اختتام مولانا ظفر الدین ندوی کی دعا پرہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے