قصبہ سعادت گنج میں جمعیت سعادۃ العلماء کے زیر اہتمام منعقد اجلاس عام و تعلیمی مظاہرہ میں مفتی محمد سلمان مظاہری کا خطاب

بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری): حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے ، جس کی ہر جھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔ آپ کی ذات پاک میں حضرت عیسیٰؑ کا حلم ، حضرت موسیٰؑ کا جوش ، اور حضرت ایوب کا صبر پایا جاتا ہے۔ آپ نے تبلیغ اسلام کے لئے بستیوں اور بیابانوں میں اللہ کا پیغام پہنچایا۔ مخالفین کی سنگ زنی و سختیاں سہیں۔ حضرت ابراہیمؑ کی طرح وطن چھوڑ کر ہجرت کی۔ مگر پھر بھی دنیا انسانیت کو امن و محبت ، رحمت اور سلامتی کا پیغام دیا۔ حضرت سلیمانؑ کی طرح اس دنیا میں حکمت کی بنیاد ڈالی۔ غرض وہ تمام خوبیاں، اوصاف حمیدہ جو پہلے نبیوں میں پائی جاتی تھیں۔ وہ سب بدرجہ کمال حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں موجود تھیں۔

ان خیالات کا اظہار گزشتہ دنوں قصبہ سعادت گنج میں جمعیت سعادۃ العلماء کے زیر اہتمام منعقد اجلاس عام و تعلیمی مظاہرہ میں مفتی محمد سلمان مظاہری لکھیم پوری نے کیا۔ ان کے علاوہ ملک کے معروف نعت خواں عمر عبداللہ قاسمی ، اشفاق بہرائچی اور حبیب الرحمٰن فرقانی نے نعتیہ کلام پیش کئے۔

جلسہ کا آغاز قاری محمد حسان فرقانی کی تلاوت سے ہوا۔ اور سرپرستی سیٹھ محمد عرفان انصاری ، صدارت مفتی محمد عارف کاشفی نے فرمائی۔ جبکہ نظامت کے فرائض مولانا فرمان مظاہری نے انجام دئے۔ مولانا فرمان مظاہری نے جمعیت سعادۃ العلماء کے کارنامے اور مستقبل میں قوم و ملت کی فلاح و بہبودی کے لئے ان کے نئے عزائم پر روشنی بھی ڈالی۔

اس جلسہ میں جمعیت کے زیر اہتمام چلنے والے مکتب کے بچوں نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔ اس کے بعد انہیں انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ جلسہ کے اختتام پر مولانا محمد اختر قاسمی اور مولانا غفران قاسمی نے تمام شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر مولانا عمر ممتاز ندوی ، مولانا محمد عقیل ندوی ، انور انصاری بی ڈی سی ، نفیس انصاری ، حاجی محمد نفیس ، قاری خلیل الرحمٰن ، مولانا صالح قاسمی ، اور مولانا جنید قاسمی کی موجودگی قابل ذکر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے