ظہیرآباد 28/اپریل (مشرقی آواز جدید): 30 اپریل بروز چہار شنبہ ٹھیک رات نو بجے سے نو بج کر 15 منٹ تک ہم سب کو چاہیے کہ اپنے گھروں دکان و مکانوں فیکٹریوں ہر جگہ بتی گل کر دیں اور لائٹیں بند کر دیں، بتی بجھاؤ احتجاج میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا ساتھ دیں ، اور حکومت وقت کو پیغام دیں کہ وقف ترمیمی بل 2025 مذہب اور دستور کے لیے سخت نقصان دہ ہے.
اسلامک سنٹر لطیف روڈ ظہیرآباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عتیق احمد قاسمی مفتی عبدالصبور قاسمی مفتی نذیراحمد حسامی مولانا عبید الرحمن قاسمی اور محترم ناظم الدین غوری امیر مقامی جماعت اسلامی ہند نے شہریان ظہیرآباد سےاپیل کی کہ گرمی، دعوتوں اور تقریبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بتی گل کر دیں، اور پرامن طریقے سے احتجاج کریں، اس بتی گل احتجاج کے درمیان کوئی غیر قانونی حرکت نہ ہو ،چیخ و پکار نہ کریں، اور نعرے بازی سے پرہیز کریں، نیز علماء کرام اور معززین شہر نے پہلگام کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر نہایت ہی افسوس کا اظہار کیا کہ یہ غیر قانونی اور انسانیت کے خلاف ہے، حکومت کو چاہیے کہ خاطیوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچائیں.
اس کانفرنس میں محمد معین الدین، حافظ محمد اکبر، محمد ماجد، معز الدین، محمد وسیم ،خواجہ نظام الدین، عبدالقدیر، محمد یوسف، ایوب خان ،محمد فیروز ، اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔۔۔۔

