سنت کبیر نگر (پریس ریلیز): ترقیاتی مرکز سمریاواں ضلع سنت کبیر نگر کے مدرسہ عربیہ تجوید القرآن رکسا کلاں میں علماء کرام کے ایک وفد کی آمد ہوئی۔ اس دو رکنی وفد میں مولانا محمد اشتیاق قاسمی ناظم تعلیمات مدرسہ اشرف العلوم ہٹوا بازار بستی اور مولانا شمس تبریز قاسمی شامل تھے۔ آئے ہوئے وفد نے مدرسہ کا تعلیمی جائزہ لیا، اور مدرسہ کی تعلیمی فضا و ماحول کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، درسگاہوں میں تعلیمی نظام و طلبہ کی تربیت و خدمت گزاری سے کافی متاثر ہوئے، اور طیب مسابقہ جاتی مقابلہ میں مدرسہ کے مساہمین کی نمایاں کامیابی پر انتظامیہ اور طلبہ و طالبات کی محنتوں کی تعریف کرتے ہوئے ادارے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ علماء کرام کے وفد نے مشورہ دیا کہ مدرسہ بورڈ کے تحت منعقد ہونے والے امتحانات مولوی منشی عالم فاضل کامل میں طلبہ کو شامل ہونے کے لئے ان کو آمادہ کیا جائے، تاکہ ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھنے کا موقع ملے۔ ساتھ ہی ساتھ مہمانان کرام نے طلبہ و طالبات کی تعلیمی رہنمائی کے لئے اپنے مفید مشورے پیش کئے۔
اس موقع پر ناظم مدرسہ مولانا محب الرحمان قاسمی سمیت جملہ اساتذہ اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔
