بیدر۔ 21؍جون (محمدیوسف رحیم بیدری): دباؤ والی زندگی میں جسمانی اور ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے یوگا بہت ضروری ہے اور یوگا کو ہر کسی کی زندگی کا حصہ بننا چاہیے، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر سومناتھ پاٹل نے کہا۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی بیدر سٹی منڈل کی جانب سے شہر کے وگیان وردھینی ودیالیہ کے احاطے میں بین الاقوامی یوگا دن کے موقع پر منعقدہ عالمی یوم یوگا تقریب میں شرکت کے بعد اظہار خیال کررہے تھے۔یوگا کا تذکرہ ویدک اور اپنشدوں میں ملتا ہے اور ہمارے سنت اور روحانی آقا صدیوں سے یوگا کی مشق کر رہے ہیں۔ یوگ گرو بابا رام دیو، شری شری روی شنکر گروجی اور دیگر کئی سنتوں نے یوگا کو دنیا میں متعارف کروایا اور نریندر مودی کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یوگا کو عالمی سطح پر پہچان ملی اور یہ تمام ہندوستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ پوری دنیا میں یوگا ڈے منایا جا رہا ہے۔
آئی این او کے ضلع صدر گورکھ ناتھ کمباراور نائب صدر نیلما روگن نے یوگا پریکٹس کروائی۔ اس موقع پر سابق ایم پی بھگونت کھوبا، ضلع جنرل سکریٹری پیرپا اورادے، سٹی صدر ششی دھر ہوسلی، یوگا ڈے مہم کے ضلع کوآرڈی نیٹر گروناتھ راجگیرا، اہم شخصیات میں بابو والی، جے کمار کانگے، راج شیکھر ناگ مورتی، گنیش بھوسلے، سنیل گاولی اور دیگر موجود تھے۔

