گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں قومی یوم تعلیم تقریب سے ڈاکٹر قطب الدین کا خطاب

ظہیر آباد11 نومبر(مشرقی آواز جدید): ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم اور ہندوستان کے تعلیمی ڈھانچے کے معمار مولانا ابوالکلام کی دور اندیشی سے آج ہندوستان دنیا بھر میں اپنے تعلیمی انقلاب کے لیے جانا جاتا ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد عظیم مجاہد آزادی، مفکر، صحافی،ادیب ، خطیب اور ماہر تعلیم تھے انہوں نے اپنے گہرے مطالعے اور فکر سے ہندوستان کے تعلیمی ڈھانچے کو ترتیب دیا۔ یوجی سی اور دیگر اعلیٰ تعلیمی ادارے تشکیل دئیے اور سب کے لیے تعلیم کا نعرہ دیا جس کی بدولت ہندوستان میں عظیم تعلیمی انقلاب آیا اور آج ملک کے تعلیم طب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے ماہرین دنیا بھر میں اپنا اور ملک کا نام روشن کر ہے ہیں۔ نوجوان مولانا ابوالکلام آزاد کے افکار سے روشنی حاصل کریں اور دستیاب وسائل سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ترقی کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد قطب الدین شجاع ماہر نفسیات نے براہ راست امریکہ سے آن لائن خطاب کے دوران کیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں آج قومی یوم تعلیم تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی صدرارت کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم فاروقی نے کی۔ مہمان خصوصی جناب سیف الدین غوری سیف صاحب نامور شاعر ظہیر آباد تھے۔ کالج کےطلباء و طالبات نے یوم اردو اور یوم قومی تعلیم کی مناسبت سے اردو اشعار، تقاریر اور تہذیبی پروگرام پیش کیے۔ اس موقع پر مہمانوں کے ہاتھوں ڈاکٹر محمد تنویر لیکچرر تاریخ کی تصنیف کرشن چندر کا رپورتاژ پودے کا تنقیدی جائزہ کی رسم اجرا انجام دی گئی۔ انگریزی لیکچرر ڈاکٹر پی نرہری مورتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھی تعلیم وہی ہے جو نوجوانوں میں تبدیلی لائے اور زندگی کی مثبت سوچ پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ زبان کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہے اردو ایک شیریں زبان ہے۔
ڈاکٹر جان نثار معین نے کہا کہ طلباء اردو زبان سے محبت کا عملی ثبوت دیں اور اردو میں لکھنے پڑھنے کو اپنا معمول بنائیں۔ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں ایک تعلیمی انقلاب جاری ہے۔ جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ جناب سیف الدین غوری نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج ظہیر آباد میں ماہر اساتذہ طلباء کی تربیت کر رہے ہیں نوجوان فون دیکھنے میں وقت برباد نہ کریں اور اپنے مستقبل کی تعمیر کریں۔ پروفیسر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ جس طرح آج ہم اپنے قومی ہیرو مولانا آزاد کی یاد منا رہے ہیں، زندگی میں ہم ایسا کوئی کام کریں کہ رہتی دنیا تک لوگ ہمیں یاد رکھیں۔ اس تقریب میں جناب محبوب غوری نامہ نگار رہنمائے دکن جناب حبیب الرحمٰن ڈاکٹر جان نثار معین یوسف علی اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد تنویر جناب سیف غوری ڈاکٹر جان نثار معین اور کالج پرنسپل پروفیسر محمد اسلم فاروقی کی شال پوشی کی گئی۔ اس تقریب میں ڈاکٹر عشرت، ڈاکٹر سریندر، ڈاکٹر لچیا، ایس راملو،ڈاکٹر محمد تنویر، مسرت، عشرت، فاطمہ، نیہا، دیوی اور دیگر نے شرکت کی۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے