جماعت اسلامی ہند بیدر کے ہفتہ واری اجتماع سے محمد معظم اور سید جمیل احمد ہاشمی کا خطاب
بیدر۔ 24؍فروری (محمدیوسف رحیم بیدری): مسجد ابراھیم خلیل اللہ علیہ السلام مین روڈ چیتہ خانہ بیدر میں اتوار کو جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں سب سے پہلے درس قرآن پیش کیا گیا۔ یہ درس امیر مقامیJIHبیدر جناب محمد معظم نے پیش کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورہ بقرہ کی آیات نمبر 129 اور 151، سورہ آل عمران آیت 164 اور سورہ جمعہ آیت 2 کی روشنی میں درس دیتے ہوئے کہاکہ ان آیات میں بعثتِ رسول ﷺ کے بنیادی مقاصد بیان کیے گئے ہیں، جن میں تلاوت آیات، تزکیہء نفس اور تعلیم کتاب و حکمت شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے اور اسی مہینے میں اللہ تعالیٰ نے انسانیت کو قرآن جیسا عظیم تحفہ عطا فرمایا۔جس کی شکرگزاری کے لئے روزے رکھے گئے ہیں۔ محترم سید جمیل احمد ہاشمی صاحب رکن جماعت JIHبیدر نے ”تقویٰ” کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاملِ قرآن بننے کے لیے تقویٰ بنیادی شرط ہے۔ اگر انسان اپنی زندگی میں تقویٰ اختیار کرے تو وہ حقیقی معنوں میں قرآن کا علمبردار بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور کے اخلاقی و سماجی مسائل کا حل بھی تقویٰ، صبر اور استقامت میں مضمر ہے۔اس ہفتہ واری اجتماع میں ارکان وکارکنان کی کثیرتعداد موجودتھی۔ معاون امرائے مقامی ڈاکٹر ارشاد نوید صاحب اور محمد عارف الدین صاحب بھی موجود تھے۔اعلانات کے درمیان بتایا گیا کہ پورے رمضان المبارک میں مختلف مساجد میں افطار پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور مسجد درشن خصوصی طور پربرادرانِ وطن کے لیے رکھا جائے گا تاکہ ان کے سامنے اسلام اور مسجد کا تعارف پیش کیا جا سکے۔ اسی طرح زکوٰۃ کی وصولی سے متعلق بتایا گیا کہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک کی جانب سے موصول ہونے والے فولڈرز کو اپنے رفقاء تک پہنچاتے ہوئے زکوٰۃ کی وصولی کا نظم کیا جائے گا۔مزید معلومات کے لیے 9448812003 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ آخر میں دعا پر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔ اس بات کی اطلاع جناب محمدصلاح الدین معاون امیرمقامی نے دی ہے۔
