وجئے پور :7مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): ادارۂ ادب اسلامی ہند، شاخ بیجاپور گزشتہ کئی برسوں سے شہر میں شعری، ادبی اور تہذیبی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے اور ہر ماہ باقاعدگی کے ساتھ ادبی نشستوں اور شعری محفلوں کا انعقاد کرتا آرہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر اس ماہ ادارہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان مشاعرہ بعنوان “ایک شام شعرائے ریختہ کے نام” منعقد کیا جارہا ہے۔
اس مشاعرہ میں بیجاپور کے ان شعراء کو تہنیت پیش کی جائے گی جن کا کلام بین الاقوامی شہرت یافتہ ادبی ویب سائٹ “ریختہ” پر شائع ہوا ہے۔ ان شعراء میں جناب آصفؔ اقبال، جناب مجیب احمد مجیبؔ اور محترمہ مہرو النساء مہروؔ شامل ہیں۔ ان کے اعزاز میں یہ خصوصی شعری نشست منعقد کی جارہی ہے۔مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر جناب مومنؔ بیجاپوری فرمائیں گے، جبکہ نظامت کے فرائض جناب سیف اوٹی انجام دیں گے۔
اس ادبی محفل میں شہر کے ممتاز شعراء اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ فرمائیں گے، جن میں آصفؔ اقبال، محمود انعامدار محمودؔ، مومنؔ بیجاپوری، اقبال خادمؔ، عمرؔ بیجاپوری، مجیب احمد مجیبؔ، مہرو النساء مہروؔ، قمرؔ مرتضیٰ، امیر افضلؔ، صاحب لال نداف،عبدالقدیرساحلؔ، یاسین منتظرؔ، جاوید احمد جایدؔ، عبداللہ راشد ذبیحؔ، سید ابراہیم حسین حسینؔ اور مطہر شاہ حسنؔ شامل ہیں۔ادارۂ ادب اسلامی ہند، بیجاپور کے سیکریٹری جناب آصف بالسنگ نے تمام محبانِ اردو، ادب نواز حضرات اور شعرو سخن سے دلچسپی رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشاعرہ میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
