صلاح الدین لیث المدنی 

مرکز الصفا الاسلامی نیپال 

حج 1447ھ کے مبارک موقع پر حجاجِ کرام کے لیے جدید، بہترین، منظم اور بے مثال سہولیات فراہم کرکے مثالی خدمات انجام دینے پر خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود حفظہ اللہ، ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آلِ سعود حفظہ اللہ، وزارتِ حج و عمرہ، وزارتِ اسلامی امور، وزارتِ داخلہ، سیکورٹی فورسز، طبی عملہ، صفائی و نظم و نسق کے ذمہ داران، جملہ کارکنان اور تمام سعودی مواطنین کو مرکز الصفا الاسلامی بھنگہیا، روپندیہی نیپال کے جملہ اساتذہ، طلبہ و طالبات اور منتظمینِ ادارہ کی جانب سے دلی مبارکباد اور پُرخلوص خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ مملکتِ سعودی عرب کو اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کی خدمت اور لاکھوں حجاج و معتمرین کی میزبانی کا عظیم شرف عطا فرمایا ہے، اور سعودی قیادت اس عظیم ذمہ داری کو نہایت اخلاص، حکمت، دور اندیشی اور اعلیٰ انتظامی صلاحیت کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔ ہر سال حج کے ایام میں دنیا کے مختلف ممالک، زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں مسلمان ایک ہی وقت میں مناسکِ حج ادا کرتے ہیں، جن کی رہنمائی، حفاظت، رہائش، آمد و رفت اور دیگر ضروریات کا انتظام ایک غیر معمولی اور عظیم الشان ذمہ داری ہے۔

حج 1447ھ کے دوران سعودی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل سہولیات، جدید ٹرانسپورٹ نظام، طبی مراکز، ہنگامی امدادی خدمات اور سیکورٹی کے مؤثر انتظامات کے ذریعے حجاجِ کرام کے لیے آسان، محفوظ اور پُرسکون ماحول فراہم کیا۔ مشاعرِ مقدسہ میں سایہ دار راستوں، ٹھنڈے پانی کی فراہمی، طبی امداد، صفائی کے مثالی انتظامات، رہنمائی کے جدید ذرائع اور آرام دہ سفری سہولیات نے حجاجِ کرام کو عبادات پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دینے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

خصوصاً منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں انتظامی مہارت، ہجوم کے نظم و ضبط، ٹریفک کنٹرول، صحت عامہ کے اقدامات اور مسلسل نگرانی کے نظام نے سعودی حکومت کی اعلیٰ منصوبہ بندی اور خدمتِ حرمین کے عزم کو نمایاں کیا۔ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج نے ان سہولیات اور خدمات کو سراہتے ہوئے سعودی حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مرکز الصفا الاسلامی بھنگہیا، روپندیہی نیپال کے جملہ اساتذہ، طلبہ و طالبات اور منتظمین اس عظیم خدمت پر سعودی قیادت، تمام وزارتوں، اداروں، سیکورٹی اہلکاروں، ڈاکٹروں، انجینئروں، رضاکاروں اور خدمتِ حج سے وابستہ ہر فرد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے شب و روز محنت کرکے حجاجِ کرام کی خدمت کو اپنا اعزاز سمجھا۔

ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلِ سعود حفظہ اللہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آلِ سعود حفظہ اللہ، سعودی حکومت اور تمام خدمت گزاروں کو جزائے خیر عطا فرمائے، ان کی مساعیِ جمیلہ کو شرفِ قبولیت بخشے، مملکتِ سعودی عرب کو امن، استحکام اور مزید ترقی سے نوازے، حرمین شریفین کی حفاظت فرمائے اور تمام حجاجِ کرام کے حج کو حجِ مبرور، سعی کو سعیِ مشکور اور گناہوں کو معاف فرما دے۔ آمین یا رب العالمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے