بیدر۔ 7؍جولائی (محمدیوسف رحیم بیدری): ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار آج اور کل بیدر، بسواکلیان اور گلبرگہ کے دورے پر رہے۔ کل 6؍جولائی پیرکو انھوں نے بسواکلیان کادورہ کیا اور وہاں انوبھومنٹپ میں اشٹالنگ کے ساتھ دومنٹ تک مراقبہ کیا اور بسواکلیان کی قدیم تاریخی درگاہ حضرت راجے باگھ سوار(شیرسواری) رحمتہ اللہ علیہ پر حاضری دی اور دعا میں شامل رہے۔ ان کی اس دعا میں جناب ایشورکھنڈرے وزیر برائے دیہی ترقیات اورپنچایت راج، جناب رحیم خان سابق وزیر اور رکن اسمبلی بیدر کے علاوہ رکن پارلیمنٹ بیدرجناب ساگرکھنڈرے اور کانگریس پارٹی کے دیگر عہدیداران وکارکنان شریک رہے۔ بعدازاں وہ بیدر پہنچ کر امبیڈکرسرکل میں ڈاکٹر باباصاحب کے قدموں میں پھول چڑھائے اور عوام کو ہاتھ ہلاکر ان کے آنے کاشکریہ اداکیا۔ اسی طرح آج وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے گلبرگہ کی درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازگیسودرازؒ میں ڈاکٹر جی پرمیشور نائب وزیراعلیٰ، دیگر وزراء میں یوٹی قادر، شرن پرکاش پاٹل اور پریانک کھرگے کے ساتھ حاضری دی۔ جناب حافظ محمد محمد الحسینی متولی وسجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز ؒ نے دعا فرمائی۔ الم پربھوپاٹل ایم ایل اے بھی درگاہ میںشریک رہے۔
یہ بات نہایت ہی دلچسپ ہے کہ کل جب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار بیدر کے امبیڈکرسرکل پہنچے اور چلتے ہوئے ہاتھ ہلاکر عوام کے نعروں کا جواب دیا اور بابا صاحب امبیڈکر کے چرنوں میں ایشور کھنڈرے ضلع انچارج وزیر کے ساتھ پھول چڑھائے تو عوام کولگاکہ ڈی کے شیوکمار ایک سیدھے سادھے اور عوام سے جڑے وزیراعلیٰ ہیں۔ توقع ہے کہ وہ عوامی مسائل کو حل فرماتے ہوئے لوگوں کے دلوں پر راج کریں گے۔
