ارریہ ( مجاہد عالم ندوی) الفیض ماڈل اکیڈمی بابوآن بسمتیہ ارریہ میں نیشنل اسپورٹس ڈے کے موقع پر ایک شاندار اور پُرجوش کھیل مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں طلبہ کے والدین ، سرپرستوں اور علاقے کے معززین و مہمانان گرامی نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ۔
تقریب کے دوران ننھے منے بچوں کے لیے سیک ریس ، بال بکٹ ریس ، بال کلیکٹنگ ، بسکٹ ریس اور 50 و 100 میٹر دوڑ سمیت متعدد دلچسپ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ۔ وہیں بڑی جماعتوں کے طلبہ کے درمیان کھو کھو ، فٹ بال ، والی بال ، کبڈی ، ہائی جمپ ، لانگ جمپ ، رسہ کشی، سلو سائیکل ریس اور کرکٹ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے ۔ مختلف کھیلوں میں طلبہ کی چستی ، نظم و ضبط ، مسابقتی جذبے اور غیر معمولی جوش و خروش نے حاضرین کو خوب متاثر کیا ۔
اس موقع پر طلبہ کے والدین اور سرپرستوں نے بچوں کی کارکردگی کو قریب سے دیکھا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ۔ مہمانان گرامی نے بھی کھیلوں کے انعقاد کو طلبہ کی جسمانی صحت ، ذہنی نشوونما ، خود اعتمادی اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ۔
یہ کامیاب پروگرام الفیض ماڈل اکیڈمی کے چیئرمین ڈاکٹر امان اللہ مدنی کی پرخلوص سرپرستی ، پرنسپل جناب حسنگیر خان کی مؤثر نگرانی اور اسپورٹس انچارج جناب معید الرحمٰن کی انتھک محنت و کاوشوں کے نتیجے میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے کہا کہ ادارہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی ، ذہنی اور اخلاقی تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ میں نظم و ضبط ، خود اعتمادی ، ٹیم ورک ، قیادت اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا بھی ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔
مہمانان گرامی نے الفیض ماڈل اکیڈمی کی اس مثبت اور تعمیری کاوش کو سراہتے ہوئے انتظامیہ ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
