پٹنہ 02 اکتوبر: مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارا کے ناظم اعلی اور وفاق المدارس الاسلامیہ امارت شرعیہ کے نائب صدر قاری  شبیر احمد قاسمی کا آج شام پٹنہ کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہو گیا. انہیں برین ہیمرج کے بعد سینے میں انفکشن ہو گیا تھا جس کے بعد انہیں پٹنہ لایا گیا تھا.
قاری شبیر احمد قاسمی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے امارت شرعیہ کے نائب ناظم مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی، نائب صدر مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارا و ناظم وفاق المدارس الاسلامیہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ موصوف کی رحلت ملت کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاری صاحب کی حیات جہد مسلسل اور استقامت کا ایک روشن مثال تھی۔ پچپن سے نابینا ہونے کے باوجود انہوں نے جس ہمت، حوصلے اور عزمِ مصمم کے ساتھ مدرسہ اسلامیہ شکرپور بھروارا کو  پروان چڑھایا، وہ ان کی عملی جدوجہد اور اللہ پر توکل کی روشن دلیل ہے۔ مرحوم کی شخصیت گوناگوں خوبیوں کی حامل تھی۔ انہیں ادب کا اچھا ذوق حاصل تھا، وہ عمدہ شاعری بھی کیا کرتے تھے۔ ان کے دل میں امت کا درد اور اصلاح معاشرہ کے لیے گہری فکر ہمیشہ موجزن رہتی تھی۔ وہ  قومی و ملی جذبے سے سرشار ایک سچے داعی، بیدار مغز اور بہترین منتظم تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین متین کی خدمت میں گزار دی۔  انہیں امارت اور اکابر امارت سے گہری محبت تھی. وہ امارت کے کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا کرتے تھے. وفاق کے کاموں میں انکی بڑی معاونت رہتی تھی انہوں نے اپنے مدرسہ میں وفاق کے مدارس کے اساتذہ کا تربیتی پروگرام اور زونل مدارس کی میٹنگ کا انعقاد بھی کرایا تھا۔مفتی صاحب نے پٹنہ سے باہر  ہونے کی وجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کے ذریعہ مولانا دبیر صاحب سے تعزیت کی اور مرحوم کے پسماندگان, متعلقین، مدرسے کے اساتذہ و تلامذہ سے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم  کے حسنات کو قبول کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے