اردو ہماری تہذیب اقبال ہماری فکر کا چراغ ! رئیس کمال
سہارنپور (احمد رضا): بزمِ شاد کے زیرِ اہتمام یومِ اُردو اور یومِ اقبال کی مناسبت سے ایک باوقار، خوب صورت اور یادگار مشاعرے کا انعقاد کو ڑے بندان واقع گلشن تعلیم اسکول میں پر وقار انداز میں کیا گیا جس میں اہلِ علم و ادب، شعراء اور اُردو سے محبت رکھنے والے شائقین کی کثیر تعداد شریک رہی تقریب کا آغاز سابق وزیرِ اُتر پردیش جناب سیّد شکیل احمد کے خطاب سے ہوا۔ انہوں نے یومِ اُردو اور یومِ اقبال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اُردو زبان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا اور علامہ اقبالؒ کے افکار و نظریات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔مشاعرے کی صدارت جناب سکندر حیات کیلاش پوری نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض بزمِ شاد کے کنوینر جناب برکت اللہ شاد نے نہایت خوش اسلوبی اور عمدگی سے انجام دیئے اس موقع پر معروف شاعر اور سینئر صحافی ڈاکٹر رئیس کمال نے اپنے جامع اور فکر انگیز تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا۔۔۔۔۔۔ "دنيا میں جس قدر قیمتی علمی سرمایہ اردو زبان کے پاس موجود ہے وہ کسی دیگر زبان کے پاس موجود نہیں ہے اس لئے لازم ہے کہ ہم اپنے سرمایہ یعنی اردو ادب اور اردو لٹریچر کی حفاظت اور تشہیر کریں تاکہ ہماری نسل نو ہمارے اکابرین اور بزرگوں کی زبان،تہذیب اور ثقافت سے روشناس ہو سکے جس قوم کو زندہ رہنا ہے اس قوم کی تہذیب، ادبی سرمایہ اور زبان کی حفاظت ہم سبھی پر لازم ہے، اردو ہماری تہذیب اور روشن مستقبل کی آواز ہے اور ڈاکٹر علّامہ محمّد اقبال ہماری فکر کا چراغ ہیں آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اُردو کو محض تقریبات تک محدود نہ رکھیں بلکہ گھر گھر زندہ رکھیں اور علّامہ اقبال کو صرف اشعار میں نہ ڈھونڈیں، بلکہ اپنی تہذیب آپنی زبانِ اور اُردو زبان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے عمل سے زندہ رکھیں اور مسلسل فکرِ ڈاکٹر علّامہ محمّد اقبال کو اپنے کردار سے عام کریں کیونکہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو صرف یاد نہیں کرتیں، بلکہ اُن کے افکار کو اپنا سرمایہ بناتی ہیں‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اُردو محض ایک زبان نہیں، بلکہ تہذیب کا حسن، محبت کا لہجہ، شائستگی کا پیکر اور دلوں کو دلوں سے جوڑنے کا ایک خوب صورت وسیلہ ہے۔ اس کے دامن میں ہماری تاریخ، ثقافت، ادبی ورثے اور تہذیبی شناخت کے انمول خزانے محفوظ ہیں۔
علامہ اقبالؒ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اقبال محض شاعر نہیں، بلکہ ایک عہد ساز مفکر، صاحبِ بصیرت فلسفی اور ملت کے نبّاض تھے۔ اُن کے افکار نے سوئی ہوئی قوم کو بیداری، مایوسی کو امید، غلامی کو خودداری اور جمود کو حرکت و عمل کا پیغام دیا۔ اقبال نے انسان کو اپنی ذات کی پہچان، خودی کے شعور اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کا حوصلہ عطا کیا۔
مشاعرہ کا آغاز بارگاہِ رسالت محمّد مصطفیٰ صلی علیہ وسلم کے حضور معروف شاعر عابد حسن وفا کی نعتِ پاک سے ہوا۔
ثناء حبیبِ، خدا رہا ہوں
میں سامانِ روزِ جزا کر رہا ہوں
مشاعرے میں شریک شعراء نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے اُردو زبان کی شیرینی، شعری روایت اور فکرِ اقبال کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ سامعین کی بھرپور شرکت اور ان کی داد و تحسین اس بات کا واضح ثبوت تھی کہ اُردو زبان اور علامہ اقبالؒ کے افکار سے عوام آج بھی گہری محبت اور قلبی وابستگی رکھتے ہیں۔
باذوق قارئین کیلئے چنندہ اشعار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اُسکی انگڑائی ہے یا تاج محل کی محراب
دیکھتے رہیے کہ جب تک نہ قضا آجائے۔
(سکندر حیات کیلاش پوری)
کرو نہ بات کوئی ہم سے مسکرانے کی
لگی ہیں سیکڑوں پابندیاں زمانے کی
(سلیمان عادل)
شیریں زباں اُردو ہے، لہجہ بھی شان ہے
اُردو ہماری روح ہے، اُردو ہی جان ہے
(ڈاکٹر رئیس کمال)
موت ہوجائے تعلق کی تو مٹّی ڈالو
دیر تک گھر میں جنازہ نہیں رکھا کرتے
(محمود اثر)
مجھے خبر تھی یہ ایک دن ضرور ہونا تھا
تمام جسم کے حصّوں سے دور ہونا تھا
(خرّم سلطان)
یہی پہچان ہے ہندوستان کے بھائی چارے کی
خوشی سے عید ہوتی ہے دیوالی مسکراتی ہے۔
(فراز احمد فراز)
دولت کی طلب ہم کو نہ، شہرت کی طلب ہے
بھوکے ہیں محبّت کے، محبّت کی طلب ہے
(مرسلین حیدر)
سجدہ توحید کافی ہے رسائی کے لئے
ہر جگہ سر کو جھکانے سے خدا ملتا نہیں
(اقبال منصوری)
یہ شاندار، ادبی مشاعرہ رات تقریباً ساڑھے دس بجے شروع ہوئی اور نصف شب کے بعد ڈیڑھ بجے اختتام پذیر ہوئی۔ منتظمین کی جانب سے شرکاء کے لیے دو مرتبہ پُرتکلف اور عمدہ ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے تقریب کی رونق اور مہمان نوازی کے تاثر کو مزید خوش گوار بنا دیا۔ بلاشبہ یہ مشاعرہ اُردو زبان کی ترویج، ادبی روایات کے فروغ اور فکرِ اقبال کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک قابلِ ستائش کاوش ثابت ہوا۔ سامعین کی کثیر تعداد ابتدا سے لیکر آخر تک بنی رہی۔ چند اشخاص کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ فہد سلیم۔ پارشد، نیتا راؤ اسلم، سیّد فیصل، حاجی ابرار احمد، محمد عدنان، محمد فیضان ، شاویز صدیقی، بلال قریشی، ناہید احمد وغیرہ ۔
