راشد عمری

گردشِ وقت نے ہی جینا سکھایا مجھ کو

 جہدِ پیہم نے ہی کندن سا بنایا مجھ کو

ٹھوکریں کھا کے سنبھلنے کا ہنر سیکھا ہے

وقت کی دھوپ نے ہر رنگ دکھایا مجھ کو

جھوٹ کے شہر میں دھندلایا تھا سچ کا چہرہ

نور ایماں نے حقائق سے ملایا مجھ کو

میرے لفظوں میں بغاوت کی چمک ہے شاید

ضبطِ پیہم نے یہ تیور ہے سکھایا مجھ کو

خواب ٹوٹے تو حقیقت سے شناسائی ہوئی

"جو نہ دیکھا تھا ان آنکھوں نے دکھایا مجھ کو”

زخم کھاکر بھی مرے پاؤں میں لغزش نہ ہوئی

حوصلے نے نئی منزل سے ملایا مجھ کو

رب کی رحمت نے ہر اک شر سے بچایا راشد

راہِ حق نے ہی صداقت پہ چلایا مجھ کو

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے