کوہیردکن 14/ نومبر( نمائندہ ۔جی۔یم): ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل کے تحت ضلع پریشد ہائی اسکول دگوال  کے علاوہ منڈل کے مختلف سرکاری و دیگر اسکولوں میں یومِ اطفال کی تقریبات نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد کی گئیں۔ دگوال ضلع پریشد ہائی اسکول میں منعقدہ تقریب میں منڈل ایجوکیشنل آفیسر جناب محمد ذاکر حسین نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی، اساتذہ اور طلبہ نے آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ اعظم، آنجہانی پنڈت جواہر لعل نہرو کی یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی تصویر پر گلپوشی کرتے ہوئے شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ کے لیے مختلف قسم کے مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے منڈل ایجوکیشنل آفیسر جناب محمد ذاکر حسین نے پنڈت جواہر لعل نہرو کی عظیم شخصیت اور نمایاں خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں ایک عظیم مجاہدِ آزادی، دور اندیش رہنما اور ممتاز مدبر قرار دیا۔ انہوں نے تعلیم، سائنسی فکر و شعور اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے پنڈت نہرو کی گراں قدر خدمات کو یاد کیا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں سے بے پناہ محبت اور شفقت رکھنے والے پنڈت جواہر لعل نہرو کو بچے پیار سے ‘چاچا نہرو’ کہہ کر پکارا کرتے تھے۔ پنڈت نہرو کا پختہ یقین تھا کہ بچے ہی ملک کے روشن مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں معیاری تعلیم، مساوی مواقع اور اعلیٰ اخلاقی اقدار فراہم کرکے ہی ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر ممکن ہے۔
انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ نظم و ضبط، تخلیقی صلاحیتوں، حب الوطنی، سائنسی طرزِ فکر اور قائدانہ صلاحیتوں کو اپنے اندر پروان چڑھائیں تاکہ مستقبل میں ملک کے ذمہ دار اور باکردار شہری بن سکیں۔
اس پروگرام میں انچارج ہیڈ ماسٹر جناب ایم۔ سرینواس کے علاوہ جناب وینکٹیشور گوڑ، رام چندر، بھیم ونشی، مائیکالا سرینواس، افتخار، بدرالدین، آنند، چندر شیکھر، للتھا، بھارگوی، وسنت راج، ہندی کویتا، ثمینہ، عبدالمجیب، جرنپا اور دیگر اساتذہ نے شرکت کی اور پنڈت جواہر لعل نہرو کی ملک و قوم کے لیے انجام دی گئی بے مثال خدمات اور ان کی گراں قدر قربانیوں کو یاد کیا۔
بچے ہی ہندوستان کا روشن مستقبل ہیں، ان کی ہمہ جہت ترقی ہی ملک کی خوشحالی اور ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے