ڈاکٹر ایم۔ اے۔ عزیز

صدر، محبانِ اردو ایجوکیشنل ٹرسٹ، دہلی

دہلی کی موجودہ حکومت کی جانب سے فنونِ ثقافت اور لسانیات کے فروغ کے لیے دہلی کی پانچ اکادمیوں کی گورننگ باڈی تشکیل دیے جانے کا فیصلہ یقیناً قابلِ ستائش ہے، لیکن اس پورے عمل میں اردو اکادمی کی گورننگ باڈی کی تشکیل اب تک نہ ہونا نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ اردو سے محبت رکھنے والوں کے لیے باعثِ تشویش بھی ہے۔

اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ دہلی کی تاریخ، تہذیب، ثقافت اور گنگا جمنی روایت کا ایک اہم حصہ ہے۔ دہلی کی ادبی و ثقافتی شناخت میں اردو کا ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے۔ ایسے میں اردو اکادمی جیسے اہم ادارے کو گورننگ باڈی کے بغیر رکھنا اس کی کارکردگی، انتظامی امور اور ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہرگز مناسب نہیں ہے۔

اردو سے محبت رکھنے والے اہلِ ادب، شعراء، مصنفین، طلبہ اور اردو کے بہی خواہوں میں اس صورتِ حال کو لے کر شدید غم و غصہ اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ ہماری شکایت کسی حکومت کی مخالفت نہیں بلکہ اردو کے جائز حقوق اور اس کے ادبی و تہذیبی مستقبل کے تحفظ سے متعلق ہے۔

ہم دہلی حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اردو اکادمی کی گورننگ باڈی کی تشکیل میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور اس میں اردو زبان و ادب کے سنجیدہ نمائندوں، ماہرینِ لسانیات اور اردو کے فروغ کے لیے عملی جدوجہد کرنے والی شخصیات کو مناسب نمائندگی دی جائے۔

اردو اکادمی کو نظر انداز کرنا دراصل دہلی کی ادبی اور تہذیبی وراثت کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

امید ہے کہ دہلی حکومت اردو سے وابستہ عوام کے جذبات اور مطالبات کا احترام کرتے ہوئے جلد از جلد گورننگ باڈی تشکیل دینے کی سمت میں ٹھوس قدم اٹھائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے