(تصویر: مولانا ابو نصر فاروق صارم)

مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی

نائب ناظم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ 
نامور مبلغ و داعی، مشہور خطیب، بہترین خطاط اور اسلامی ادب کے نمائندہ شاعر مولانا ابونصر فاروق صارمؔ عظیم آبادی کا 13؍ اکتوبر 2026ء مطابق یکم ربیع الآخر 1448ھ روز منگل کو انتقال ہو گیا، شب میں انہیں سانس لینے میں تکلیف ہوئی تھی، آکسیجن کا انتظام کیا گیا تھا، لیکن جلد ہی سانس کی آمدورفت کا توازن قائم ہو گیا، البتہ سر میں گرانی اور ضعف باقی رہا، لوگ دیکھتے رہ گئے اور ایک عالم باعمل انسان نے رخت سفر باندھ لیا، سوموار کی رات تین بجے شب طبیعت ناساز ہوئی تھی اور منگل کی شام سات بجے یہ حادثہ پیش آیا۔
اہلیہ نوشابہ نیلوفر طویل علالت کے بعد 2019ء میں دنیا سے جا چکی تھیں، پس ماندگان میں چار صاحب زادے ندیم احسن، فہیم احسن، حارث احسن، ثاقب احسن اور تین صاحبزادیاں ناہید فاطمہ، نشاط فاطمہ اور ثمینہ تسنیم حی القائم ہیں، جنازہ کی نماز مولانا کے بڑے داماد جناب اطہر عالم صاحب نے پڑھائی، جو رمنہ روڈ مسجد پٹنہ میں جمعہ کے امام و خطیب ہیں، تدفین شاہ گنج قبرستان میں عمل میں آئی، پٹنہ کے علماء، صحافی، سیاست داں، ان کے عقیدت مند بڑی تعداد میں جنازہ میں شریک ہوئے اور اس آخری سفر میں قبرستان تک ان کے ساتھ رہے۔
مولانا ابونصر فاروق صارم بن فاروق احمد پیامی (م 29؍ جنوری 1982ء) بن صدیق احمد (م 28؍ دسمبر 1955ء) کی ولادت 17؍ اپریل 1947ء کو خواجہ اعتبار سرائے بہار شریف میں ہوئی، ان کی والدہ کا نام کنیز فاطمہ تھا، پٹنہ یونیورسٹی سے کامرس لے کر انہوں نے گریجویٹ کیا تھا، خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری پٹنہ میں ملازمت اختیار کی، یہ وہ زمانہ تھا جب مولانا ابوالاعلیٰ مودودی رحمۃ اللہ علیہ کی ’’اقامت دین‘‘ کی تحریک نے خورد و کلاں کو متأثر کرنا شروع کر دیا تھا، ان کے سادہ وسیلۂ اظہار سے ہر طبقہ متاثر ہو رہا تھا اور یہ تاثر آگے چل کر سرکاری ملازمتوں سے استعفیٰ پر منتج ہوتا تھا، جماعت اسلامی سے وابستگی اس زمانہ میں آزمائشوں کو دعوت دینے کے مترادف تھا، مولانا ابونصر فاروق نے بھی جب محسوس کیا کہ سرکاری ملازمت اور ’’اقامت دین‘‘ کی عملی جدوجہد میں تضاد ہے، دونوں ایک ساتھ چل نہیں سکتے تو استعفیٰ دیدیا اور الگ ہو گئے، حالاں کہ اس وقت ان کی شادی ہو چکی تھی اور وہ صاحب اولاد بھی تھے، ان کے سسر شمشاد نسیم اور ساس نور النساء عظیم آباد ہی کی رہنے والی تھیں، استعفیٰ کی راہ میں اہل و عیال اور ان کے اخراجات اور مستقبل کی فکر انہیں دامن گیر نہیں ہوئی، وہ جماعت اسلامی سے منسلک رہ کر دین کی خدمت اور اقامت دین کی جدوجہد میں شریک ہو گیے، ڈاکٹر ضیاء الہدیٰ امیر جماعت حلقہ بہار ہوا کرتے تھے، بعض امور پر اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے جماعت اسلامی سے علیحدگی اختیار کر لی، ڈاکٹر ضیاء الہدیٰ نے اقامت دین کے لیے نوجوانوں کی ایک جماعت تیار کی تھی، ان کے استعفیٰ کے بعد ان نوجوانوں نے ڈاکٹر ضیاء الہدیٰ مرحوم کا دامن تھام لیا اور ان کی تحریک کے ساتھ ہو گیے، ڈاکٹر صاحب کے ساتھ جن لوگوں نے جماعت اسلامی کو خیر باد کہا، ان میں ایک مولانا ابونصر فاروق بھی تھے۔
مولانا عرصہ تک رمنہ روڈ مسجد میں جمعہ کے امام و خطیب رہے، ڈاکٹر ضیاء الہدیٰ صاحب کے انتقال کے بعد رمضان المبارک میں جمعہ کی نماز میں انجمن اسلامیہ میں امامت و خطابت کیا کرتے اور یہ سلسلہ گذشتہ رمضان تک مسلسل جاری رہا، لوگ دور دور سے ان کی تقریر سننے کے لیے جمع ہوا کرتے تھے، ان کی شاعری اسلامی ادب کا بہترین نمونہ ہے، خوش گلو تھے، مخصوص شعری نشستوں میں اپنا کلام سنایا کرتے تھے، نثر بھی خوب لکھتے تھے، نثر و نظم میں ان کی بہت ساری کتابیں طبع ہو کر مقبول ہوئیں، جن میں معاشرتی مضامین کا مجموعہ خاندان کے مسائل اور ان کا حل، تعلیمی مضامین کا مجموعہ علم، تعلیم اور ملت، ملی اور سیاسی مضامین کا مجموعہ وقت کی آواز، اصلاحی مضامین کا مجموعہ اچھائی کی پہچان، سیرت پر مضامین کا مجموعہ سیرت النبی کے درخشاں پہلو، پہلا شعری مجموعہ کلمۂ شوق، دوسرا شعری مجموعہ نغمۂ بہار، احادیث کا منظوم ترجمہ مثنوی گلزار نبوت خاص طور سے قابل ذکر ہیں، اس کے علاوہ ڈیڑھ درجن کے قریب کتابچے اور سو سے زیادہ مضامین اور بھی ہیں، ان کو مرتب کرنے سے کئی اور کتابیں تیار ہو سکتی ہیں، اخیر عمر میں وہ اپنی شاعری کا ضخیم مجموعہ کلیات صارم کے نام سے ترتیب دے رہے تھے، طباعت کے مرحلے سے گزرنے کے قبل ہی آپ کا وصال ہو گیا، مولانا کی خدمت کا ایک میدان خدمت خلق تھا، وہ خاموشی سے غریب و نادار لوگوں کی مدد کیا کرتے تھے، مولانا سے میری ملاقات کم تھی، دینی مجلسوں میں کبھی کبھی ہم لوگ ایک ساتھ ہو جاتے تھے، میں نے ان ملاقاتوں میں مولانا کو متواضع، ملت کی زبوں حالی پر پریشان اور دین سے دوری پر نوحہ خواں پایا، وہ ایسے داعی اور مبلغ تھے، جن کے دل میں امت مسلمہ کے لیے بے انتہا درد تھا، یہ درد ان کی تقریروں میں جھلکتا نہیں، چھلکتا تھا، اللہ تعالیٰ مولانا کے درجات بلند کرے اور پس ماندگان کو صبر کے ساتھ ملت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے