پینتے پور (سیتاپور): گزشتہ کل حسنین پبلک اکیڈمی،محلہ کسگری، پینتے پور، سیتاپور کے زیر اہتمام اکیڈمی کے ہونہار طالب علم ابو طالب سلمہ کی تکمیل حفظ قرآن کریم کی پُرمسرت موقع پر نہایت روح پرور اور پُروقار دعائیہ تقریب زیرصدارت اکیڈمی کے سرپرست اعلیٰ حضرت مولانا منیر احمد صاحب مظاہری دامت برکاتہم انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی حضرت مولانا ضیاء الدین صاحب ندوی ناظم مدرسہ نور الایمان، نور پور محمود آباد نے طلبہ اور حاضرین مجلس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: حافظ قرآن کو تکمیل حفظ پر جو روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے، دنیا کی کوئی بھی مسرت اس کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ آپ اپنے بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر اور پروفیسر ضرور بنائیں، لیکن اس سے پہلے انہیں حافظ قرآن بنائیں، کیونکہ جب ایک ڈاکٹر یا انجینئر حافظ قرآن ہوگا تو اس کی شان و شوکت ہی نرالی ہوگی۔
حضرت والا نے طالب علم ابو طالب کو تکمیل حفظ پر دلی مبارکباد پیش کی اور حسنین پبلک اکیڈمی کی ہمہ جہت تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کو ایسے ہی اداروں کی اشد ضرورت ہے جہاں دینی اور عصری تعلیم کو یکجا کر کے نئی نسل کی آبیاری کی جائے۔
اس موقع پر اکیڈمی کے منیجر ڈاکٹر عزیز الرحمٰن ندوی نے حاضرین کے سامنے ادارے کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ حسنین پبلک اکیڈمی میں محض حفظ قرآن اور دینیات ہی نہیں، بلکہ عصری تقاضوں کے پیشِ نظر اردو، ہندی، انگریزی اور ریاضی کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
انہوں نے اکیڈمی کی جانب سے شائع کردہ دینیات کے دو رسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے میں فی الحال دو شعبے سرگرمِ عمل ہیں؛ ایک شعبہ حفظِ قرآن کا، جبکہ دوسرا شعبہ اسکول و کالج کے طلبہ کو بنیادی دینیات سکھانے سے متعلق ہے۔ انہوں نے مستقبل کے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حالات سازگار رہے تو جلد ہی مزید تعلیمی شعبوں کا افتتاح بھی عمل میں آئے گا۔
اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا مفتی محمد انس ندوی حفظہ اللہ نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ۲۰۲۰ء میں شروع ہونے والے اس ادارے سے گزشتہ چھ سال کی مختصر مدت میں ایک درجن سے زائد حفاظ کرام کا فارغ ہونا ان کے لیے بڑی سعادت کی بات ہے ۔
انہوں نے عاجزی کے ساتھ دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان طلبہ اور اس دینی خدمت کو ان کے لیے ذریعۂ نجات و مغفرت بنائے۔
پروگرام کا آغاز اکیڈمی کے طالب علم محمد ارسلان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد محمد احتشام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نہایت خوش الحانی کے ساتھ نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد محمد جمعان اور ابوطلحہ نے مشترکہ طور پر دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کا معروف ترانہ پیش کر کے ماحول کو گرما دیا، طالب علم محمد سعد بن معراج احمد نے ’عظمت قرآن‘ کے عنوان پر پُرمغز تقریر پیش کر کے سامعین سے دادِ تحسین حاصل کی، تقریب کے دوران شاعرِ اسلام حاجی یونس صاحب اور قاری محمد ظفر صاحب نے اپنے مخصوص ترنم میں عارفانہ اشعار پیش کر کے محفل میں سماں باندھا اور نظامت کے فرائض اکیڈمی کے ناظم تعلیمات مولانا اویس عاطف ندوی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔
اس بابرکت مجلس میں علاقے کے معززین، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں بالخصوص حضرت مولانا ہارون صاحب قاسمی، مولانا عبد الرشید صاحب ندوی، مولانا رفیع الدین صاحب ندوی، مو لانا نجیب صاحب باندوی، قاری عبد الحسیب صاحب، مفتی محمد اسعد ندوی، قاری ظفر صاحب، مولانا وسیم، مولانا عقیل الرحمان، مولانا شاداب ندوی، حافظ محمد ارشد، ڈاکٹر محمد اسلم قاسمی حافظ نادر، حافظ شارق، حافظ عبدالمعید، حافظ امام الدین، حافظ محمد ظفر صاحب حافظ علی احمد، حاجی یونس، ماسٹر اقبال، مولوی عبد الحلیم، محمد سلیم، عبد الرؤوف مفتی اسعد ندوی، عتیق احمد، محمد ارباز اور پینتے پور کے دیگر معزز افراد شامل تھے۔ تقریب کا اختتام صدرِ جلسہ حضرت مولانا منیر احمد صاحب مظاہری کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔
