سرکڑہ(دھام پور)، 22 نومبر: جماعتِ اسلامی کے رکن، معروف صحافی، شاعر اور سماجی کارکن جناب فخرالدین فخر کا 21 نومبر کو عصر کے وقت انتقال ہوگیا۔ وہ گزشتہ کئی ماہ سے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھے اور طویل و تکلیف دہ علالت کے بعد داعیِ اجل کو لبیک کہا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عشاء ادا کی گئی، جس کی امامت قاری نوشاد عالم دھام پوری نے کی۔ بعد ازاں انہیں سپردِ خاک کردیا گیا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جن میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔ گرام پردھان اور ان کے بھتیجے محمد طلحہ نے جنازے میں شریک افراد کے لیے کھانے کا انتظام کیا۔
فخرالدین فخر علمی، ادبی، صحافتی اور سماجی میدانوں میں سرگرم رہے۔ انہوں نے تعلیمی فروغ کے لیے نمایاں کوششیں کیں اور متعدد نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرنے اور امتحانات میں کامیابی کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ وہ ضرورت مندوں کی مدد اور سماجی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔
سن 1994ء میں ماہنامہ اچھا ساتھی کے اجرا کے بعد انہوں نے کئی سال تک اس کی ادارت کی ذمہ داری سنبھالی اور رسالے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس کے فروغ کے لیے مختلف مقامات کے اسفار کیے، سالانہ خریدار بنائے، ایجنسیاں قائم کیں اور اشتہارات حاصل کیے۔ بعد ازاں مشیر عصر کے نام سے اپنا رسالہ بھی جاری کیا۔ وہ ایک اچھے شاعر تھے اور اپنی شاعری کے ذریعے لوگوں میں امید، حوصلے اور زندگی سے مثبت انداز میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتے تھے۔
ان کے بڑے بھائی اور ملت اکیڈمی کے چیئرمین مولانا سراج الدین ندوی نے اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فخرالدین فخر میرے چھوٹے بھائی ضرور تھے، لیکن میں نے انہیں ہمیشہ اپنی اولاد کی طرح سمجھا۔ وہ میرا بہت خیال رکھتے تھے اور خانگی معاملات میں میرے مشیر بھی تھے۔ ان کے انتقال سے میں اپنے ایک مخلص بہی خواہ، ہمدرد اور خیرخواہ سے محروم ہوگیا ہوں۔
مرحوم کی تعزیت کرنے والوں میں قاری راشد حمیدی، ماسٹر محمد اسماعیل، جماعت اسلامی ضلع بجنور کے ناظم محتشم نعمانی، ماہنامہ اچھا ساتھی کے منیجر مولانا محمد ذوالفقار ندوی، جامعۃ الفیصل کے پرنسپل ماسٹر سرتاج عالم، جامعہ کے مہتمم مولانا محمد انظار قاسمی، مرکز تعلیم القرآن کے آفس سکریٹری مولانا ظفیر الدین ندوی، قاری محمد گوہر، عبدالغفار دانش اور حافظ احمد علی وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ فون اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
