علمائے کرام کے ایمان افروز خطابات، قرآن و حدیث کی روشنی میں اصلاحِ معاشرہ پر زور

پپرا چھنگت، اٹوا بازار، ضلع سدھارتھ نگر، اتر پردیش۔

پپرا چھنگت، اٹوا بازار، ضلع سدھارتھ نگر میں ایک عظیم الشان دینی و اصلاحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے اور بیرونِ علاقے سے تشریف لائے ممتاز علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے علماء کے علمی، اصلاحی اور نصیحت آموز خطابات سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے قرآن مجید اور احادیثِ صحیحہ کی روشنی میں عقیدۂ توحید کی اہمیت، شرک کی سنگینی، موت اور آخرت کی تیاری، شادی بیاہ میں رائج غیر شرعی رسم و رواج، نوجوانوں کی دینی و اخلاقی ذمہ داریوں اور حیا و غیرت کی اہمیت جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

پروگرام کا آغاز قاری محمد عمیر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد حمد و نعت کے ذریعے محفل کو روحانی ماحول فراہم کیا گیا۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض فخرالدین ریاضی نے انجام دیے، جبکہ صدارت کی ذمہ داری فضیلۃ الشیخ ابراہیم مدنی حفظہ اللہ نے نبھائی۔

اجلاس کے صدر فضیلۃ الشیخ ابراہیم مدنی حفظہ اللہ نے اپنے صدارتی خطاب میں اخلاص اور نیک نیتی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسان کا ہر دینی و دنیوی عمل اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لیے ہونا چاہیے۔ عبادات اور نیک اعمال کی قبولیت میں اخلاص بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ریاکاری، دکھاوے اور شہرت طلبی سے بچنے کی نصیحت کرتے ہوئے حاضرین کو اپنی نیتوں کی اصلاح، نیک اعمال اختیار کرنے اور زندگی کے تمام معاملات اللہ تعالیٰ کے احکام کے مطابق انجام دینے کی تلقین کی۔

فضیلۃ الشیخ عبدالرحمن ریانی حفظہ اللہ، امام و خطیب مسجد تعلیم الاسلام، ایسٹ ممبئی، گورے گاؤں نے ’’توحید کی اہمیت اور شرک کی مذمت‘‘ کے موضوع پر ایمان افروز خطاب کیا۔ انہوں نے سورۂ کہف کی آیت نمبر 110 پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کی امید رکھنے والے انسان کو نیک اعمال کرنے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ ٹھہرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کلمۂ شہادت کے دونوں حصوں میں دین کی بنیادی تعلیم موجود ہے۔ ’’لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ‘‘ کا تقاضا ہے کہ عبادت صرف اللہ تعالیٰ کی کی جائے، جبکہ ’’مُحَمَّدٌ رَسُولُ اللّٰهِ‘‘ کا تقاضا ہے کہ عبادت کا طریقہ رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق ہو۔ انہوں نے سورۂ نساء آیت نمبر 48 اور سورۂ مائدہ آیت نمبر 72 کے حوالے سے شرک کی سنگینی بیان کرتے ہوئے کہا کہ شرک سب سے بڑا گناہ ہے اور اگر کوئی شخص توبہ کیے بغیر شرک پر مر جائے تو اس کے لیے مغفرت نہیں ہے۔

مقرر نے حضرت ابو طالب کے واقعے اور رسول اللہ ﷺ کی اپنی والدہ کی قبر کی زیارت کا ذکر کرتے ہوئے ایمان و توحید کی اہمیت واضح کی۔ انہوں نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنے چچا کو کلمۂ توحید کی دعوت دی، لیکن وہ اسے قبول کیے بغیر دنیا سے رخصت ہوگئے۔ اسی طرح صحیح مسلم میں آپ ﷺ کی والدہ کے لیے مغفرت کی اجازت طلب کرنے کا واقعہ بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشرکینِ مکہ بھی اللہ تعالیٰ کو خالق و رازق مانتے تھے، لیکن عبادت میں دوسروں کو شریک کرتے تھے۔ اس لیے صرف اللہ کو خالق مان لینا کافی نہیں، بلکہ دعا، عبادت، نذر اور قربانی سمیت تمام عبادات صرف اللہ تعالیٰ کے لیے خاص کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے سورۂ بقرہ آیت نمبر 186 کی روشنی میں اللہ تعالیٰ سے براہِ راست دعا مانگنے کی تلقین کی اور حضرت یونس، حضرت ایوب اور حضرت زکریا علیہم السلام کی دعاؤں کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ انبیائے کرام اپنی حاجات اور پریشانیوں میں اللہ تعالیٰ ہی کو پکارتے تھے۔

انہوں نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کو رسول اللہ ﷺ کی نصیحت والی حدیث بھی بیان کی، جس میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب مانگو تو اللہ سے مانگو اور جب مدد طلب کرو تو اللہ ہی سے مدد طلب کرو۔ اس حدیث کے ذریعے انہوں نے بچوں کی تربیت عقیدۂ توحید پر کرنے کی اہمیت بیان کی۔

خطاب کے دوسرے حصے میں انہوں نے غیر اللہ کی قسم کھانے، تعویذ لٹکانے اور فوت شدہ یا غائب لوگوں کو غیبی مدد کے لیے پکارنے جیسی غلطیوں سے خبردار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی زندہ اور موجود شخص سے اس کے اختیار میں جائز مدد طلب کرنا الگ معاملہ ہے، لیکن غیبی حاجات کے لیے غیر اللہ کو پکارنا توحید کے منافی ہے۔

انہوں نے قرآن و حدیث کی اتباع پر زور دیتے ہوئے سورۂ حشر آیت نمبر 7 اور سورۂ آل عمران آیت نمبر 31 پیش کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ سے محبت کا حقیقی تقاضا رسول اللہ ﷺ کی پیروی ہے۔ مسلمان کو اپنی نماز، روزہ، عبادات، معاملات اور پوری زندگی سنتِ رسول ﷺ کے مطابق گزارنی چاہیے۔ آخر میں انہوں نے حاضرین کو توحید کی حفاظت، شرک و بدعت سے اجتناب اور قرآن و سنت پر عمل کرنے کی نصیحت کی۔

فضیلۃ الشیخ اظہار اللہ سلفی حفظہ اللہ، بلوٹ، ضلع سدھارتھ نگر، یوپی نے ’’موت اور اس کی سختی‘‘ کے موضوع پر نہایت مؤثر اور نصیحت آموز خطاب کیا۔ انہوں نے سورۂ آل عمران کی آیت نمبر 185 پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:

كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ

یعنی ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موت ایک ایسی اٹل حقیقت ہے جس سے کوئی انسان فرار نہیں ہوسکتا۔ دنیا میں انسان مال و دولت، کاروبار، عزت اور شہرت کے لیے بڑی محنت کرتا ہے، لیکن افسوس کہ اپنی آخرت اور موت کی تیاری سے غافل رہتا ہے۔ انہوں نے اسی آیت کے اگلے حصے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حقیقی کامیابی یہ نہیں کہ انسان دنیا میں زیادہ مال و دولت حاصل کرلے، بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کہ اسے جہنم سے بچا لیا جائے اور جنت میں داخل کردیا جائے۔

انہوں نے سورۂ عنکبوت کی آیت نمبر 64 کے حوالے سے دنیا کی زندگی کو عارضی اور آخرت کی زندگی کو حقیقی زندگی قرار دیا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ کے آخری لمحات کا ذکر کرتے ہوئے صحیح بخاری کی حدیث پیش کی کہ آپ ﷺ نے فرمایا:

لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ، إِنَّ لِلْمَوْتِ سَكَرَاتٍ۔

یعنی اللہ کے سوا کوئی معبودِ برحق نہیں، بے شک موت کی سختیاں ہوتی ہیں۔

مقرر نے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے قبر کے متعلق خوف اور رونے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے قبر کی اہمیت واضح کی۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی حدیث کا حوالہ دیا:

إِنَّ الْقَبْرَ أَوَّلُ مَنَازِلِ الْآخِرَةِ۔

یعنی قبر آخرت کی منزلوں میں سے پہلی منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو عذابِ قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگنی چاہیے، کیونکہ رسول اللہ ﷺ خود نماز میں عذابِ قبر، جہنم، زندگی و موت کے فتنوں اور مسیح دجال کے فتنے سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب فرمایا کرتے تھے۔

انہوں نے قرض کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی اور صحیح بخاری کی حدیث کے حوالے سے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ قرض سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگا کرتے تھے، کیونکہ قرض کا بوجھ بعض اوقات انسان کو جھوٹ بولنے اور وعدہ خلافی کرنے پر آمادہ کردیتا ہے۔

آخر میں انہوں نے حاضرین کو موت کی کثرت سے یاد دہانی، نماز کی پابندی، تلاوتِ قرآن، توبہ و استغفار، حقوق العباد کی ادائیگی اور آخرت کی تیاری کی نصیحت کی۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوحید سلفی حفظہ اللہ، ناسک، مہاراشٹر نے ’’شادی بیاہ کے غلط رسم و رواج‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں رائج غیر شرعی رسومات اور ان کے نقصانات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے نکاح کو آسان، سادہ اور پاکیزہ رکھنے کی تعلیم دی ہے، لیکن آج معاشرے میں جہیز، گاڑی، نقد رقم، فضول خرچی اور دکھاوے کی وجہ سے نکاح کو مشکل بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے سورۂ روم کی آیت نمبر 21 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے میاں بیوی کے درمیان محبت اور رحمت کو اپنی نشانی قرار دیا ہے۔ نکاح کا مقصد سکون، محبت اور پاکیزگی کا ماحول قائم کرنا ہے، نہ کہ اسے مال و دولت کی نمائش کا ذریعہ بنانا۔

انہوں نے کہا کہ رشتہ طے کرتے وقت مال و دولت اور ظاہری حیثیت کے بجائے دین اور اخلاق کو ترجیح دینی چاہیے۔ رسول اللہ ﷺ نے دین دار اور اچھے اخلاق والے رشتے کو قبول کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اسی طرح سورۂ نساء آیت نمبر 4 میں عورتوں کو ان کے مہر خوش دلی سے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

مقرر نے جہیز کے مطالبات، منگنی کی غیر ضروری تقریبات، بھاری دعوتوں، ہلدی و مہندی کے نام پر ناجائز سرگرمیوں، موسیقی، ناچ گانے، بے پردگی اور غیر محرم مرد و عورت کے اختلاط پر تنقید کی۔ انہوں نے سورۂ اسراء کی آیات نمبر 26 اور 27 پیش کرتے ہوئے فضول خرچی سے بچنے کی تلقین کی۔

انہوں نے حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کے نکاح اور ولیمے کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے ولیمہ کرنے کی ترغیب دی، خواہ ایک بکری ہی کیوں نہ ہو۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ شادی کی خوشی میں ولیمہ سنت ہے، لیکن اس میں اسراف اور دکھاوے کی کوئی ضرورت نہیں۔

انہوں نے حضرت جلیبیب رضی اللہ عنہ کے واقعے کے ذریعے بتایا کہ اسلام میں انسان کی عزت کا معیار مال و دولت اور خاندان نہیں، بلکہ ایمان و تقویٰ ہے۔ سورۂ نور آیت نمبر 32 کی روشنی میں بے نکاح مردوں اور عورتوں کے نکاح آسان بنانے کی ترغیب بھی دی۔

انہوں نے والدین اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہیز اور غیر ضروری مطالبات کی وجہ سے بیٹیوں کے نکاح میں تاخیر نہ کریں۔ نوجوان اپنے والدین کو حکمت اور محبت سے سمجھائیں کہ انہیں جہیز یا گاڑی نہیں، بلکہ نیک اور دین دار شریکِ حیات چاہیے۔ آخر میں انہوں نے میاں بیوی کے حقوق، حسنِ سلوک اور گھریلو زندگی میں محبت و رحمت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے شادی بیاہ کو قرآن و سنت کے مطابق آسان بنانے کی اپیل کی۔

فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالغفار سلفی حفظہ اللہ نے ’’توحید کی اہمیت اور شرک کی مذمت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کا بنیادی پیغام توحید ہے اور انسان کی تخلیق کا مقصد اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنا ہے۔ انہوں نے توحید کی تین قسموں، توحیدِ ربوبیت، توحیدِ الوہیت اور توحیدِ اسماء و صفات کو آسان انداز میں سمجھایا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی پوری کائنات کا خالق، مالک اور مدبر ہے، لہٰذا عبادت کی تمام صورتیں، دعا، فریاد، نذر، قربانی اور سجدہ صرف اسی کے لیے خاص ہیں۔ انہوں نے سورۂ فاتحہ کی آیت إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان اپنی نماز میں اللہ تعالیٰ ہی کی عبادت اور اسی سے مدد طلب کرنے کا اقرار کرتا ہے۔

مقرر نے واضح کیا کہ مشرکینِ مکہ بھی اللہ تعالیٰ کو خالق و مالک مانتے تھے، لیکن عبادت میں دوسروں کو شریک ٹھہراتے تھے۔ انہوں نے قبروں پر سجدہ کرنے، مزاروں سے فریاد کرنے، غیر اللہ کے نام پر جانور ذبح کرنے اور مختلف توہمات و بدعقیدگیوں سے بچنے کی تلقین کی۔

انہوں نے معاشرے میں رائج بعض غلط عقائد کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بلی کے راستہ کاٹنے، کوے کے بولنے، مخصوص تاریخوں میں شادی سے گریز کرنے اور بچوں کو نظرِ بد سے بچانے کے لیے کالا ٹیکا لگانے جیسی باتوں کو دین کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔ مسلمانوں کو قرآن و سنت میں وارد دعاؤں اور شرعی طریقوں کو اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے پردے، حیا اور غیرت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے والدین کو اپنی اولاد کی دینی تربیت کی طرف توجہ دلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر گاؤں میں مکاتب قائم کیے جائیں اور بچوں کو بچپن ہی سے توحید کی تعلیم دی جائے۔ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ایمان و عقیدے کی حفاظت بھی ضروری ہے۔

انہوں نے حضرت لقمان علیہ السلام کی اپنے بیٹے کو کی گئی نصیحت پیش کرتے ہوئے قرآن مجید کی آیت تلاوت کی:

يَا بُنَيَّ لَا تُشْرِكْ بِاللّٰهِ إِنَّ الشِّرْكَ لَظُلْمٌ عَظِيمٌ۔

ترجمہ: اے میرے بیٹے! اللہ کے ساتھ شرک نہ کرنا، بے شک شرک بہت بڑا ظلم ہے۔

انہوں نے حضرت یونس علیہ السلام کی دعا اور کلمۂ توحید کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بھی اللہ تعالیٰ ہی کو پکارنا چاہیے۔ آخر میں صحیح بخاری و صحیح مسلم میں مذکور اس حدیث کا واقعہ بیان کیا جس میں ایک شخص کے ننانوے گناہوں کے رجسٹروں کے مقابلے میں کلمۂ توحید کا ایک کارڈ رکھا جائے گا اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کا پلڑا بھاری ہوجائے گا۔ انہوں نے حاضرین کو عقیدۂ توحید کی حفاظت اور اپنی نسلوں کی دینی تربیت کی نصیحت کی۔

فضیلۃ الشیخ جبرئیل سراجی صاحب نے ’’ایک پیغام نوجوانوں کے نام‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کو اپنی جوانی اللہ تعالیٰ کی عبادت، علم کے حصول، دین کی خدمت اور اچھے اخلاق و کردار کی تعمیر میں صرف کرنے کی نصیحت کی۔

انہوں نے سورۂ آل عمران کی آیت نمبر 110 پیش کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کی بنیاد ہوتے ہیں۔ اگر نوجوانوں کے اخلاق و کردار کی اصلاح ہوجائے تو معاشرے کی اصلاح بھی ممکن ہے۔ انہوں نے جھوٹ، گالی گلوچ، بد اخلاقی اور دوسروں کے حقوق پامال کرنے جیسی برائیوں سے بچنے کی تلقین کی۔

انہوں نے نوجوانوں کو نماز کی پابندی اور عبادت کی اہمیت سمجھاتے ہوئے صحیح بخاری و صحیح مسلم کی اس حدیث کا حوالہ دیا جس میں سات خوش نصیب لوگوں کا ذکر ہے جنہیں قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطا فرمائے گا، ان میں وہ نوجوان بھی شامل ہے جس کی پرورش اللہ تعالیٰ کی عبادت میں ہوئی ہو۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نماز کے لیے بڑھاپے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ موت کسی عمر کی پابند نہیں۔ انہوں نے سورۂ اسراء کی آیت نمبر 14 کے ذریعے آخرت میں نامۂ اعمال پیش کیے جانے اور انسان کی جواب دہی کی یاد دہانی کرائی۔

انہوں نے نوجوانوں کو مضبوط ایمان، حوصلے، محنت اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے سورۂ طلاق کی آیت نمبر 3 پیش کی۔ ساتھ ہی اخلاق و کردار کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سورۂ قلم کی آیت نمبر 4 اور رسول اللہ ﷺ کے بہترین اخلاق کا ذکر کیا۔

مقرر نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج بعض نوجوان فلمی شخصیات کے نام اور ان کے انداز سے تو واقف ہیں، لیکن رسول اللہ ﷺ کی سیرت اور تعلیمات سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو سچ بولنے، وعدہ پورا کرنے، والدین کا احترام کرنے اور دوسروں کو تکلیف نہ پہنچانے کی نصیحت کی۔

انہوں نے ماؤں اور بہنوں کو بھی خصوصی پیغام دیتے ہوئے حیا، پردے اور پاک دامنی کی اہمیت بیان کی اور سورۂ نور کی آیت نمبر 31 پیش کی۔ انہوں نے موبائل اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور غیر ضروری تعلقات سے بچنے کی نصیحت کی۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے سنن ترمذی کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن انسان سے اس کی عمر اور خصوصاً جوانی کے بارے میں سوال کیا جائے گا کہ اسے کہاں صرف کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو خود احتسابی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جوانی کو غفلت میں ضائع کرنے کے بجائے عبادت، تعلیم، خدمتِ دین اور اچھے اعمال میں لگائیں۔

فضیلۃ الشیخ نسیم یونس عالیوی حفظہ اللہ، مدیر الحرم ایجوکیشنل سوسائٹی، بلرام پور نے ’’غیرت کا فقدان، حیا و شرم کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیا ایمان کا اہم حصہ ہے اور مسلمان کی زندگی میں حیا و غیرت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے رسول اللہ ﷺ کی حدیث الْحَيَاءُ شُعْبَةٌ مِنَ الْإِيمَانِ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ حیا ایمان کی ایک شاخ ہے۔ اسی طرح آپ ﷺ کا فرمان إِذَا لَمْ تَسْتَحْيِ فَاصْنَعْ مَا شِئْتَ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب انسان کے دل سے حیا ختم ہوجاتی ہے تو وہ گناہ کرتے ہوئے بھی نہیں جھجکتا۔ انہوں نے سورۂ نور کی آیت نمبر 19 کے حوالے سے معاشرے میں بے حیائی پھیلانے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی وعید بیان کی۔

انہوں نے اسلام میں عورتوں اور بیٹیوں کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے سورۂ تکویر کی آیات نمبر 8 اور 9 پیش کیں، جن میں زندہ دفن کی گئی بچی کے بارے میں قیامت کے دن سوال کیے جانے کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے بیٹیوں کو عزت و احترام دیا اور ان کی اچھی پرورش کو عظیم اجر کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے صحیح مسلم کی حدیث کا حوالہ دیا کہ دو بچیوں کی اچھی پرورش کرنے والا شخص قیامت کے دن رسول اللہ ﷺ کے قریب ہوگا۔

انہوں نے نوجوانوں کو ناجائز تعلقات، بدکاری، غلط صحبت اور موبائل کے غلط استعمال سے بچنے کی نصیحت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اس نوجوان کا واقعہ بیان کیا جس نے رسول اللہ ﷺ سے زنا کی اجازت طلب کی تھی۔ آپ ﷺ نے اسے محبت اور حکمت کے ساتھ سمجھایا اور اس کے حق میں دعا فرمائی۔ اس واقعے سے انہوں نے نوجوانوں کی اصلاح میں نرمی، حکمت اور بہترین تربیتی انداز کی اہمیت واضح کی۔

انہوں نے سورۂ نور کی آیت نمبر 30 پیش کرتے ہوئے مردوں کو نگاہیں نیچی رکھنے اور پاک دامنی اختیار کرنے کا حکم یاد دلایا، جبکہ آیت نمبر 31 کے ذریعے خواتین کو بھی پردے اور پاکیزگی کی تعلیم دی۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی عزت کے ساتھ دوسروں کی عزت و آبرو کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے والدین کو اپنی بیٹیوں کی دینی تعلیم و تربیت، نوجوانوں کو اپنے کردار کی حفاظت اور خواتین کو حیا و پردے کا اہتمام کرنے کی نصیحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی اصلاح صرف تقریروں سے ممکن نہیں، بلکہ ہر فرد کو اپنی ذات، اپنے گھر اور اپنی اولاد کی اصلاح کی فکر کرنی ہوگی۔

اجلاس کے تمام خطابات میں علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمان اپنی زندگی قرآن مجید اور رسول اللہ ﷺ کی صحیح سنت کے مطابق گزاریں۔ عقیدۂ توحید کو مضبوطی سے تھامیں، شرک و بدعت سے بچیں، موت اور آخرت کو یاد رکھیں، شادی بیاہ میں غیر شرعی رسم و رواج ترک کریں اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔

علمائے کرام نے والدین کو اپنی اولاد کی دینی تعلیم و تربیت، گھروں میں نماز اور تلاوتِ قرآن کے اہتمام اور ہر گاؤں میں مکاتب کے قیام کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی حقیقی اصلاح اس وقت ممکن ہے جب ہر شخص اپنی ذات سے اصلاح کا آغاز کرے اور قرآن و حدیث کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرے۔

اجلاس کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو قرآن و سنت کو سمجھنے، اس پر اخلاص کے ساتھ عمل کرنے، شرک و بدعت سے محفوظ رہنے، اپنی اولاد کی صحیح دینی تربیت کرنے اور معاشرے میں خیر و بھلائی پھیلانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ اس دینی و اصلاحی کوشش کو قبول فرمائے اور اس کے مثبت اثرات پورے معاشرے میں ظاہر فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

اجلاس کے انتظامی امور اور کامیاب انعقاد میں کنوینر جمال احمد، اشتیاق احمد، بسم اللہ، شکیل، شمیم احمد، ناصر حسین، صلاح الدین، الطاف حسین، سفدر حسین، عزیر احمد، شریف اللہ ماسٹر، اظہار احمد، احسان احمد اور عتیق الرحمن نے اہم کردار ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے