مولانا عبدالحلیم قاسمی
مہنداول،سنت کبیرنگر
مدرسہ شاکرہ پبلک اسکول للبنات دھوبہا کے تحت موضع امتھری میں خواتین اجتماع کا اہتمام ہوا،جس کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا عبدالحلیم قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین میں شوہروں کی نافرمانی کا جذبہ پروان چڑھ رہا ہے، جس سے گھریلو انتشار،ڈپریشن معاشرہ میں بڑھتا جارہا ہے، انھوں نے کہاکہ خواتین ہمیشہ اپنے شوہروں کی فرمانبردار رہیں جب شوہر گھر آئے تو خندہ پیشانی سے استقبال کریں، جب شوہر معاش کے لئےگھر سے نکلے تو دروازہ تک بیوی چھوڑنے کے لئے آئے، جب بیوی خوش رہتی ہے تو شوہر کا حوصلہ بلند رہتا ہے،اور روزی میں برکت پیدا ہوتی ہے، ورنہ بیوی کےروٹھے رہنے سے شوہر نفسیاتی طور پر پریشان رہتا ہے،جس سے خود بیوی اور اس کا پورا گھر بھی نفسیاتی مسائل کے زد میں آجاتا ہے اور گھر میں نحوست برسنے لگتی ہے،انھوں نے کہاکہ غیبت کرکے عورت کی نیکیاں جس کی غیبت کی ہے۔ اس کے کھاتہ میں چلی جاتی ہے، اس لئے اپنی نیکیوں کی حفاظت کریں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اللہ نے انسان کو آزمائش کے لئے پیدا کیا ہے، اور قبر آخرت کی پہلی منزل ہے،انسان کبھی نہیں مرتا بلکہ اس کی روح منتقل ہوتی ہے،اسی لئے انتقال کا لفظ بولا جاتا ہے،یہاں کا مادی جسم مرتا ہے اور روح آخرت کے دوسرے جسم میں منتقل ہوجاتی ہے۔اس موقع پر عنایت اللہ،حاجی حسن علی وغیرہ خاص طور پر موجود رہے۔
