خواتین اعلی اخلاقی اوصاف سےآراستہ ہوکر گھریلو اور خاندانی زندگی کی تعمیر کریں: عالمہ مریم ضیائی
ڈومریاگنج، سدھارتھ نگر(اترپردیش): موجودہ دور میں جس طرح مختلف طبقات کے لوگ مختلف قسم کے اخلاقی امراض کا شکار ہیں اسی طرح سے امت مسلمہ کی خواتین و طالبات بھی کسی نہ کسی قدر ان اخلاقی برائیوں میں ملوث نظر آتی ہیں۔ جھوٹ ، وعدہ خلافی ، حسد، بدظنی، بدگوئی ، گالی، فحش گوئی وغیرہ جیسے اخلاقی برائیاں ہماری بہنوں اور خواتین میں پائی جا رہی ہیں۔ جو بعض اوقات دھیرے دھیرے فحاشیت و اباحیت کے دہانے کی طرف لے جا رہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ امت کی مائیں اور بہنیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کریں۔ ازواج مطہرات و صحابیات کی سیرت کی روشنی میں اپنے طرز حیات کا جائزہ لے کر گھر اور خاندان کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں رول ادا کریں اور صداقت شعاری، ایفائے عہد حسن ظن خیر خواہی و غمگساری جیسے اوصاف سے خود کو متصف کریں۔ تاکہ اپنے حقوق کو پہچان کر اپنے فرائض و ذمہ داری کو کما حقہ ادا کر سکیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار عالمہ مریم ضیائی نےجامعہ مصباح العلوم چوکنیاں کے کانفرنس ہال میں جماعت اسلامی ہند اور گرلس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے باہمی تعاون و اشتراک سے منعقد ہونے والے رہبر انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے زیر عنوان پروگرام میں خطاب کے دوران کیا۔
عالمہ مریم ضیائی نے اس موقع پر کتاب و سنت کی روشنی اور حضرت عائشہ و اسیہ کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ایک اہم پہلو اطاعت و فرمانبرداری بھی ہے اس وقت امت کی مائیں اور بہنیں جن جن مسائل کا شکار ہیں اس کا واحد حل نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طرز زندگی کو حرز جاں بنا کر اپنی زندگی میں نافذ کرنا اور اس پیغام اپنی دوسری بہنوں کو بتانا ہے اسی وقت دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں جب ہم نبی کی سیرت کے تمام گوشوں کو اپنی استطاعت کے مطابق لوگوں تک پہونچائیں۔ اس موقع پر عالمہ صابرین فارحہ فلاحی نے صبر وتوبہ کے بعض گوشوں پر کتاب و سنت کی روشنی میں شر ح و بسط سے روشنی ڈالی ۔ عالمہ فرحت کاشف کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
صدر مجلس سوشل ایکٹیوسٹ ریحانہ ہاتف چودھری نے اپنے صدارتی خطاب میں پروگرام کے بعض اہم مقاصد اور گوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مہمان کا والہانہ استقبال بھی کیا۔ دوران پروگرام سمیہ حامد ، طلعت عزیز نے نظم پیش کر کے سامعات کو محظوظ کیا بعد ازاں عالمہ صبا یاسمین نے تمام ہی سامعات خواتین و طالبات کا پروگرام کی کامیابی اور شرکت کے لیے صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا نظامت کی ذمہ داری عالمہ زینب عفت نے انجام دیا اور عالمہ تسنیمہ کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا اس موقع پر عالمہ راضیہ خاتون عالمہ سہانہ خاتون کے علاوہ گاؤں کی خواتین و طالبات موجود رہیں۔
