ڈاکٹر اکرم نقاش صدر اور ڈاکٹر ماجد داغی سیکریٹری منتخب
گلبرگہ 10/ جون(محمدیوسف رحیم بیدری): ڈاکٹر ماجد داغی کی اطلاع کے بموجب گذشتہ چھ دہائیوں سے سرگرمِ عمل جنوبی ہند کی انتہائی فعال انجمن ترقی اُردو ہند شاخ گلبرگہ کی ہر تین سال بعد بہ ذریعہ انتخابات مجلسِ عاملہ کی تشکیلِ جدید عمل میں آتی ہے۔ بتاریخ 9/ جون 2024ء کو 15 کے منجملہ 7 عہدیداران جن میں صدر، دو نائبین صدر، معتمد،شریکِ معتمد، معتمدِ تنظیمی امور اور خازن کے علاوہ 8 اراکینِ عاملہ کے انتخابات برائے مِیقات 2024ء تا 2026ء عمل میں آئے۔ جناب جاوید علی نگران کار انتخابات برائے عہدہ داران و اراکین مجلسِ عاملہ انجمن ترقی اُردو ہند شاخ گلبرگہ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ بالا انتخابات میں ڈاکٹر اکرم نقاش ا ٖٖٖ ٖ خواجہ پاشاہ انعامدار کے مقابلہ میں صدر منتخب ہوئے جبکہ عہدہ صدار ت کے تیسرے امیدوار جناب اسد علی انصاری رہے۔ ڈاکٹر ماجد داغی ڈاکٹر انیس صدیقی کے مقابلہ می میں معتمدِ انجمن منتخب ہوئے.۔
دیگرمنتخب عہدہ داران میں ڈاکٹر ناصب قریشی اور ڈاکٹر محمد افتخارالدین اختر نائبین صدر منتخب ہوئے۔ جبکہ نائب صدور کے امیدواران ڈاکٹررفیق رہبراور جناب محمد مجیب احمد شامل تھی۔

جناب محمد صلاح الدین ،محترمہ شاہدہ بیگم کے مقابلہ میں عہدہء خازن کے لئے منتخب قرار دئے گئے۔ ڈاکٹر اسماء تبسم شریک معتمد، جناب میر شاہ نواز خان شاہین معتمدِ تنظیمی امور اور اراکینِ عاملہ میں پروفیسر عبد الحمید اکبر، جناب امجد جاوید، ڈاکٹر منظور احمد دکنی، ڈاکٹر محمد علی، جناب سید عبدالغنی، ڈاکٹر محمد رستم فیضی، ڈاکٹر پیرزادہ فہیم الدین اور جناب حامد اکمل بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے الیکشن کے مذکورہ بالا نتائج پر جناب خلیل مامون سابق صدر نشین کرناٹک اردو اکیڈمی، ڈاکٹر وہاب عندلیب سابق صدر نشین کرناٹک اردو اکیڈمی،انجنئیر محمد عبدالقیوم ایکزیکیوٹیو انجنئیر،سینئیر صحافی جناب حکیم شاکر اورانجنئیر عبدالقدیر عرفان نے نو تشکیل شدہ انجمن کے عہدہ داران و اراکین کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور اس انتخاب میں شامل جناب اسد علی انصاری نے منتخبہ ارکان سے بڑی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے دلی مبارک باد پیش کی ہے۔انتخابات کے ان نتائج پر اہل قلم اور شعراء، ادباء اور محبانِ اردو نے بھی زبردست خوشی و مسرت کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر اکرم نقاش صدرِ انجمن و ڈاکٹر ماجد داغی معتمدِ انجمن نے معزز سرپرستان و حیاتی ارکان کا بہ صمیمِ قلب اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے ہمارے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ہمیں اپنی کارکردگی کے مظاہرہ کا موقع عنایت فرمایا ہے۔ انہوں نے محبانِ اردو سے بھی اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام بہی خواہانِ انجمن کے بھی تہہ دل سے شکرگزار ہیں جن کی نیک خواہشات ہمارے ساتھ رہیں گی۔
