گلبرگہ۔ 28؍جون (محمدیوسف رحیم بیدری): سید سجاد علی شاد کی اسی(80) ویں سالگرہ کے موقع پر سماجی جہد کار اور خادم اردوجناب خواجہ فریدالدین انعامدار اورجناب منظور احمد دکنی نے شاد صاحب کے دولت خانہ پہنچ کر ان کی پچاس سالہ شعری خدمات پر ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کی۔شاعر موصوف ربع صدی تک محکمہ سمکیات،(Fisheries Dept) حکومت کرناٹک میں ملازمت کرتے ہوئے سنہ دوہزار دو عیسوی میں وظیفہ حسن خدمت پرعلیحدہ ہوگئے۔آپ گلبرگہ کے معروف کلاسیکی شاعر مختار ہاشمی کے چھوٹے بھائی ہیں۔مختار ہاشمی اردو شاعری کا باوقار نام ہے جن کی شاعری کا رنگ و آہنگ متصوفانہ اور عارفانہ رہا ہے۔
شادؔ صاحب کو ابتداء ہی سے شعر و ادب سے شغف رہا ہے۔ایک شعری مجموعہ ” حسرتیں” سنہ دو ہزار انیس میں منظر عام پر آچکا ہے، جو غزلوں پر مشتمل ہے۔ ان کی غزلیہ شاعری کا حسن روایتی شاعری سے میل کھاتا ہے۔ بہر حال ہم ان کی صحت اور درازی عمر کے لیے دعا گو ہیں۔
