ہندوستان بھر کے نامور فنکاروں نے اس ادبی میلے میں شرکت کی
بیدر۔ یکم ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): ساہتیوتسو ،جشنِ ادب، ثقافتی کارواں ، وراثت، ہندوستانی فن، ثقافت اور ادب کو منانے والے اولین ثقافتی پروگراموں میں سے ایک ہے جوراجستھان کی راجدھانی جے پور میں پہلی بار منعقد ہوا۔ یہ تقریب جواہر لال نہرو مارگ، بالمقابل کامرس کالج، جے پور میں واقع جواہر کلا کیندر میں 31 اگست اور 1 ستمبر 2024 (ہفتہ اور اتوار) کو منعقد کی گئی ۔ اس ثقافتی میلے کا اہتمام وزارت ثقافت (حکومت ہند)، وزارت سیاحت (حکومت ہند) اور جواہر کلا کیندر کے اشتراک سے کیا گیا تھا، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نامور ہندوستانی فنکاروں
نے اپنی شاندار پرفارمنس سے سامعین کو مسحور کیا۔ مکمل طور پر مفت انٹری کے ساتھ دو روزہ ایونٹ کے شاندار پرفارمنس سے سامعین محظوظ ہوئے۔31؍اگست کو پروگرام کا آغاز ایک افتتاحی تقریب سے ہوا جس میں ودیا شاہ، پدم بھوشن پنڈت ساجن مشرا، پدم شری حسین برادران، ڈاکٹر یش گلاٹی اور صابری برادران شامل ہوئے۔
افتتاحی تقریب کے بعد شام کو صابری برادران نے قوالی پیش کرکے حاضرین کو مسحور کردیا۔دوسرے دن یکم ستمبر کو 2؍بجے دوپہر کے بعد پروگرام شروع ہوا۔ مختلف پیشکش اور سرگرمیوں سے اسٹیج پر سحر طاری ہوگیا۔ یوسف خان نے دن کا آغاز بھپانگ پر اپنی دلکش پیشکش سے کیا۔ اس کے بعد ہندوستانی فن، ثقافت اور ادب پرمبنی ایک خصوصی ڈرامہ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈرامے کے بعد، انجم شرما، منو رشی چڈھا اور فضل ملک کا ایک خصوصی پینل ڈسکشن تھا، جس میں اس علاقے کی بھرپور شاعرانہ روایت کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے بعد پروفیسر وسیم بریلوی، پدم شری سریندر شرما اور پدم شری اشوک چکردھر اور دیگر شخصیات کی طرف سے کوی سمیلن اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ شام میں، ودھا لال نے کتھک پر اپنی کارکردگی سے مجمع کو مسحور کیا۔مختلف پروگرام میں سامعین مختلف رہے۔ بلکہ دوایک پروگرام میں سامعین نے جگہ نہ ملنے کے سبب نیچے بیٹھ کرپروگرام کو سنا اور انجوائے کیا۔ داد بھی دی ۔
تقریب کی کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، شاعر اور ساہتیوتسو جشنِ ادب کے بانی، کنور رنجیت چوہان نے کہا”ساہتیوتسو جشنِ ادب ثقافتی کاروان وراثت کے حیدرآباد سے جے پور تک کے کامیاب سفرکا ہزاروں افراد نے مشاہدہ کیا۔ زائرین اور ادب سے محبت کرنے والوں کو اس پروگرام کے ذریعے ہندوستانی فن، ثقافت اور ادب سے جڑنے کا موقع ملا ہے، کئی ریاستوں میں اس کی شاندار کامیابی کے بعد، ہم اس پروگرام کو ثقافتی لحاظ سے بھرپور شہر جے پور میں لے آئے ۔ نامور اور قابل احترام فنکاروں کو ان کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ اسٹیج پر لاکر ہمارا مقصد ہندوستانی نوجوانوں کو ہندوستانی فن، ثقافت اور ادب کے ساتھ جوڑنارہا ہے۔ وزارت ِ سیاحت ،حکومت ہند کی موجودگی اور تعاون کا بھی ہم پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ساہتیوتسو، جشنِ ادب ،ثقافتی کارواں سال اب تک دہلی، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک، اتر پردیش، ہماچل پردیش، چندی گڑھ، بہار، گجرات اور جموں و کشمیر سمیت کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس پروگرام نے اپنے آپ کو ہندوستانی فن، ثقافت اور ادب سے بھرپور ہمارے ملک کی وراثت کے منفرد جوہر دکھانے میں کامیابی حاصل کی ہے جس کاسہرا یہاں کی عوام کو جاتاہے ، جو ہندوستانی فن ، ثقافت اور ادب پر ناز کرتی ہے۔
