بیدر۔ یکم ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر میںکل سے مسلسل بارش کے سبب عام زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ یوں بھی آج اتوار ہونے کے سبب شہر میں چلت پھرت کم دیکھی گئی۔ دکانیں بھی بڑی حدتک بند پائی گئیں۔کئی دینی اور سماجی پروگرام بارش کے سبب منسوخ کردئے گئے۔جن میں جماعت اسلامی ہند شعبہ ء خواتین کی ملک گیرسطح کی ایک ماہی مہم’’اخلاقی محاسن۔ آزادی کی ضامن‘‘ کے تعلق سے جامع مسجد بیدر میں ہونے والے افتتاحی پروگرام کو ملتوی کرنے کی اطلاع بھی شامل ہے۔
ایس آئی او بید رنے بھی اپناپروگرام بارش کے سبب منسوخ کیاہے۔ ہمارے فوٹوگرافر جناب محمد سلطان نے بتایاکہ مین روڈ، چوبارہ روڈ، محبوب گنج وغیرہ کے کاروبار تقریباً بندرہے۔ شام کے وقت بارش کے کم ہونے سے لوگ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے نظر آئے، لیکن وہ تعداد بھی کم ہی تھی۔ ایک اطلاع کے بموجب آج شام میں بھی بارش اسی طرح سے برسے گی جیسے کل سے مسلسل برس رہی ہے ۔ یہ بات بھی علاقہ کلیان کرناٹک کے حوالے سے اہم ہے کہ ماہ ستمبر میں اس علاقے میں زیادہ بارش ہواکرتی ہے۔ بہرحال 31؍اگست کی بارش کے بارے میں محکمہ اطلاعات وتعلقہ عامہ نے بتایاکہ پچھلے 24گھنٹے کے درمیان بیدر ضلع میں 39.35یم یم بارش ہوئی ہے۔ اور سب سے زیادہ بارش دبلگنڈی ائریا میں60.20یم یم ہوئی ہے۔
تعلقہ جات کے حوالے سے بارش کی تفصیل کچھ اس طرح ہے۔ اوراد (بی) تعلقہ میں 35.57، بیدر تعلقہ میں 52.57، بھالکی تعلقہ میں 27.94، بسواکلیان میں 41.48، ہمناآباد میں 40.13، چٹگوپہ میں 51.60، کمال نگر میں 29.63اور ہلسور تعلقہ میں 19.40ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ آرنج الرٹ کی اطلاع شہر میںپھیلی ہوئی ہے۔
