ادبی تنظیم ” نئی آواز "کی 139 ویں ماہانہ شعری نشست فیض عام لائبریری سدھارتھ نگر میں منعقد
سدھارتھ نگر: ادبی تنظیم ” نئی آواز "کی 139 ویں ماہانہ شعری نشست گزشتہ شب زیر صدارت جناب علیم الدین صاحب اسسٹینٹ کمشنر سیل ٹیکس نوگڈھ سدھارتھ نگر کے زیر نگرانی چلنے والی فیض عام لائبریری نوگڈھ سدھارتھ نگر میں منعقد کی گئی، جس میں شہر کے کئی نامور شعراء اور کویوں نے شرکت کی، اس موقع پر موجود شاعر اور کویوں کے کچھ چنندہ اشعار پیش خدمت ہے:
مولانا مہدی حسن سالم فیضی:
یا خدا مجھ کو سرخرو کر دے
میرے دامن کو بھی رفو کر دے
میرے دشمن سے ائےمیرے مالک
میری محفوظ آبرو کر دے
ڈاکٹر نوشاد اعظمی :
رفتہ رفتہ دل کو میرے تو نے گھائل کر دیا
اچھا خاصا تھا میں تو نے مجھ کو پاگل کر دیا
ریاض قاصد:
رہ گیا قطروں میں بنٹ کر میں سمندر تھا کبھی
صرف قطرہ تھا کوئی اور آج دریا ہو گیا
شیو ساگرسحر:
پانی میں جیسے آگ لگانے کی چیز ہے
یہ عشق جو ہے سامنے لانے کی چیز ہے
اشفاق ابراہیم شاد:
راہ وفا میں حد سے گزر جانا چاہئے
آنکھوں سے ہو کے دل میں اتر جانا چاہیے
ڈاکٹر نریندر پٹیل:
کیا سنائیں کچھ سنایا نہیں جاتا
اب تو دل ہی کسی سے لگایا نہیں جاتا
پنکج سدھارتھ:
وہ بادل ہے اسے ہنساؤں کیا
اجڑے گلشن میں گل کھلاؤں کیا
ایڈوکیٹ شاداب شبیری:
اپنی وفا کے گیت جو گاتا رہا ہوں میں
دنیا کو دل کے زخم دکھاتا رہا ہوں میں
اشونی کیشو:
سامنے ہی تو ہوتا ہوں تمہارےہر بار نظر نہیں آتا
اب تم سے ملنے کا آسرا نظر نہیں آتا
ڈاکٹر فضل الرحمن:
وقت پڑنے پر ہی وہ شخص میرے ساتھ آیا
بس اسی بات پر مجھ کو بڑی حیرانی ہے
ڈاکٹر جاوید کمال:
ساون جب آتا ہے، سب کی پیاس بجھاتا ہے
میرے تن من میں جانے کیوں آگ لگاتا ہے
ناظم جلسہ جناب ڈاکٹر جاوید کمال نے فیض عام لائبریری کے متعلق اپنے بیش قیمتی مشوروں سے نوازتے ہوئے کہا کہ فیض عام لائبریری کھجوریا روڈ پر اپنے نام کی مناسبت سے ہی ایک عام لائبریری ہے جس میں کوئی بھی طالب علم جا کر وہاں سے مدد حاصل کر سکتا ہے۔ لائبریری میں کورس کی کتابوں کے ساتھ دیگر موضوعات پر بھی کتابیں موجود ہیں جن سے طالب علموں کے علاوہ دوسرے افراد بھی جا کر اپنے علم کی پیاس بجھا سکتے ہیں، جناب علیم الدین خان کی رہنمائی میں چلنے والی یہ لائبریری طالب علموں کے لیے کافی مفید ثابت ہو رہی ہے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا مہدی حسن سالم فیضیؔ تھے اور انہیں کی حمدو نعت سے نشست کی ابتدا ہوئی، اس کے بعد شعرائے کرام نے اپنے جوہر دکھائے۔ نظامت ڈاکٹر جاوید کمال نے کیا، اس موقع پر مولانا ابوالکلام آزاد ندوی نائب ایڈیٹر مشرقی آواز جدید سدھارتھ نگر ، صدام حسین صاحب ضلعی رپوٹر نیوز ون انڈیا سدھارتھ نگر، محمد عارف (اونر عارف کارڈ کھجوریا سدھارتھ نگر، محمد جنید و قرب و جوار کے معتبر حضرات موجود تھے۔
