چتر پور:٢٢/جنوری (پریس ریلیز): امارت شرعیہ بہار اڑیسہ و جھارکھنڈ ابتدائے قیام سے ہی ملک و ملت کی تعمیری رہبری سماج معاشرے کی اصلاح و درستگی کے ساتھ بلا تفریق مذہب و ملت محض انسانی بنیادوں پر ضرورت مندوں کی امداد کرتی آرہی ہے۔
مفکر ملت حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر موسم سرم کی ضرورت کی پیش نظر ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کئے جانے کا عمل جاری ہے امارت شرعیہ کے تمام ذیلی دفاتر سے اسی مہم کے تحت کمبل و گرم کپڑے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ آج مورخہ 22/جنوری 2024 کو دارالقضاء امارت شرعیہ چترپور ضلع رام گڑھ میں مستحقین کے درمیان کمبل تقسیم کیا گیا۔
اس سے قبل بھی 3/ جنوری 2024 کو اسی مہم کے تحت چترپور اور اطراف کے مساجد کے ائمہ و ذمہ داران مساجد کے مشورے سے مستحقین کو تلاش کر ان کے درمیان دارالقضاء چترپور کی جانب سے کمبل تقسیم کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کمبل تقسیم پروگرام کے موقع سے قاضی کلیم اللہ مظہر قاسمی دارالقضاء امارت شرعیہ رام گڑھ و بوکارو نے کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذہب اسلام میں ضرورت مندوں کی امداد کی بڑی تاکید کی گئی ہے ہمارے سماج معاشرے میں بہت سے ایسے افراد ہیں جو ضروریات زندگی کی تکمیل از خود نہیں کرسکتے ہیں اور نہ انکی کوئی کفالت کرنے والا ہے سخت سردی سے بچاؤ کا کوئی معقول انتظام نہیں ہوتا ہے بڑھتی ہوئی سردی سے وہ پریشان حال ہیں قاضی صاحب نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اللہ نے جنہیں مال و دولت دیا ہے انہیں چاہیے کہ وہ گرم کپڑوں سے ایسے ضرورت مندوں کی مدد کریں۔
اس موقع سے بلال مسجد کے صدر جناب الحاج ماسٹر احسان الحق صاحب اور دیگر کئی معزز افراد بھی موجود رہے۔
