سدھارتھ نگر: بانسی قصبہ میں پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر حافظ کی علی الصبح ایک سڑک حادثہ میں اچانک موت ہوگئی۔

 موصولہ اطلاعات کے مطابق 24 تاریخ کی صبح ہر روز کی طرح اپنے معمول کے مطابق ڈاکٹر حافظ سڑک پر چہل قدمی کے لیے نکلے تھے اسی وقت ایک تیز رفتار فور وہیلر نے انہیں ٹکر مار دی جس کی وجہ سے وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ آس پاس کے لوگوں نے انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں دیکھتے ہی مردہ قرار دے دیا۔

 بتایا جاتا ہے کہ فور وہیلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا اور خبر لکھے جانے تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

 ڈاکٹر حافظ کی اہلیہ ڈاکٹر قمر حافظ بھی ڈاکٹر ہیں اور با نسی بستی روڈ پر ان کا اپنا پرائیویٹ کلینک ہے۔ ڈاکٹر حافظ اپنے پیچھے اپنی بیوی اور تین بیٹییوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں جن میں سے دو شادی شدہ ہیں اور تیسری ایم بی بی ایس کر رہی ہے۔ اس ناگہانی حادثے کے بعد اُن کے تمام متعلقین میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

 جنرل پریکٹیشنرس ایسوسی ایشن سدھارتھ نگر کے صدر ڈاکٹر کے پی پانڈے اور سکریٹری ڈاکٹر جاوید کمال نے تنظیم کی جانب سے ڈاکٹر حافظ کو ان کی ناگہانی موت پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعائیں کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے