پہلگام دہشت گرد حملے کی ذمہ داری خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی پر عائد ہوتی ہے:ایس ڈی پی آئی ہمناآباد

ہمنا آباد۔ 24 ؍اپریل(محمدجاوید احمد): سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کی ضلع بیدر کمیٹی کا اجلاس آج ضلع صدر شیخ مقصود کی قیادت میں، اور ریاستی جنرل سیکریٹری و ضلعی انچارج افسر کوڈلی پیٹے کی موجودگی میں منعقد ہوا۔اپنے ابتدائی خطاب میں ایس ڈی پی آئی کے ریاستی جنرل سیکریٹری افسر کوڈلی پیٹے نے کہا ”ہم جموں و کشمیر میں ہونے والے اس ہولناک دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بے گناہ جانوں کا قتل انسانیت سوز بربریت کی عکاسی کرتا ہے۔ ایسے پرتشدد اقدامات کی مہذب معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’سیاحوں پر ہونے والے بہیمانہ حملے میں خفیہ ایجنسیوں کی واضح ناکامی سامنے آئی ہے۔ یہ شرمناک واقعہ پوری دنیا کے سامنے ملک کی بدنامی کا سبب بنا ہے۔ ایس ڈی پی آئی اس واقعے کی سخت مذمت کرتی ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ یہ واقعہ پلوامہ حملے کے بعد دوسرا بڑا واقعہ ہے، جس میں ایک بار پھر مرکزی حکومت کی خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی بے نقاب ہوئی ہے۔ پارٹی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوراً اس واقعے کے پیچھے کارفرما پوشیدہ عناصر کی شناخت کرے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ اس سنگین جرم کے مجرموں کی شناخت کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے غیر انسانی واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں‘‘۔

اس اجلاس میں ضلع جنرل سیکریٹری عرفان اللہ، ضلع سیکریٹری توحید، اور ضلعی کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے۔کہاجارہاہے کہ ایس ڈی پی آئی نے کینڈل مارچ بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے