مہدئیاں:نوگڑھ۔گزشتہ کل ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کی قیادت میں چہار رکنی وفد مولانا محمد ہاشم سلفی: ناظم جمعیت اہل حدیث حلقہ نوگڑھ، مولانا جمشیدعالم سلفی:ناظم جمعیت اہلِ حدیث حلقہ شہرت گڑھ ،مولانا عبدالرشید سلفی:نائب ناظم جمعیت اہلِ حدیث حلقہ شہرت گڑھ نے بعد نمازِ مغرب، مرکز آفاق لتحفیظ القرآن الکریم، مہدیا (نوگڑھ) سدھارتھ نگرکامشاہداتی دورہ کیا۔بعد نماز عشاء ناظم جمعیت نے طلبہ کومختصر نصیحت کی اور مولانا محمد ہاشم سلفی نے کلمہ تشکر اور اپنے نیک خواہشات وجذبات کو پیش کیا۔
مرکز کے مہتمم اور اس کے روح رواں،جناب رفیع احمد ندوی نے اپنے مہمانوں کا پرجوش اور والہانہ انداز میں استقبال کرتے ہوئے اپنی مسرت وشادمانی کا اظہار کیا۔یہ وہ ادارہ ہے جس کی شہرت اہل علم، مخلص احباب اور متعلقین کے درمیان نہایت مثبت اور تعریفی انداز میں زبان زدِ عام ہے۔مرکز کی تربیتی سرگرمیاں، تنظیمی نظم ونسق اور حفظ قرآن کریم کے بابرکت مشن کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا دیرینہ اشتیاق اس روز پوراہوااوریہ کہنا بجا ہوگا کہ مشاہدہ توقعات سے بڑھ کر پایا گیا۔
مرکز کے ناظم اور روحِ رواں جناب رفیع احمد ندوی ہیں، جو اخلاص، محنت، اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ اس ادارے کی خدمت انجام دےرہے ہیں۔ ادارے میں اس وقت تقریباً چالیس نونہال طلبہ حفظِ قرآن کریم میں مشغول ہیں، جن کی تربیت کےلیے تین ماہر و معتمد حفاظ کرام ہمہ وقت موجود ہیں۔
طلبہ کے قیام و طعام کا انتظام مثالی پایا گیا، ہر طالب علم کے لیے الگ بیڈ، مناسب بستر، کشادہ و صاف ستھرے کمرے، اٹیچڈ باتھ رومز اور الگ سے بیت الخلاء و غسل خانے ادارے کی عملی ترجیحات اور طلبہ کی سہولت پسندی کی بہترین مثال ہیں۔
یہ ادارہ درحقیقت جماعت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کی معروف، نیک سیرت اور سخی ،شخصیت الحاج آفاق احمد عرف چرچل رحمہ اللہ کی یادگار ہے۔ مرحوم نے زندگی بھر جماعتی خدمات، دینی اداروں کی سرپرستی اور فلاحی کاموں میں اہم کردار ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔
جناب رفیع احمد ندوی مرحوم کے خلفِ صدق اور ان کی صالح یادگار ہیں۔ انہوں نے اس ادارے کو جس اخلاص، دینی حمیت اور دوراندیشی سے قائم کیا اور سنبھالا، وہ قابلِ تحسین اور لائقِ تقلید ہے۔
اس دورہ اور پرخلوص دعوت میں جماعت وجمعیت سے وابستہ علاقہ کے بعض لعل وگہراور معززین علمائے کرام مولانا ظفرالدین سلفی مولانا عزیررشیدریاضی، مولانا عزیز الرحمن مدنی حافظ صہیب سنابلی، مولانا الطاف عزیز فیضی وغیرہم نے شرکت کی۔
دورہ کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے، اس کے اساتذہ، معاونین، منتظمین اور محسنین کو اجرِ عظیم سے نوازے، اور اسے ملک و ملت کے لیے نافع حفاظِ قرآن اور صالح انسان تیار کرنے کا ذریعہ بنائے۔والدین، سرپرست حضرات اور اہلِ خیر سے گزارش ہے کہ وہ اپنے بچوں کو قرآن کریم کی تعلیم و تربیت کے لیے اس ادارے میں داخل کریں۔ ان شاء اللہ، یہ ادارہ آپ کی دینی و تعلیمی امیدوں پر پورا اترے گا۔
