علمائے کرام، مشائخین عظام، سیاسی قائدین اور دانشوران قوم کا خطاب

بیجاپور۔ یکم مئی (محمدیوسف رحیم بیدری): مورخہ 29 اپریل 2025 بروز منگل بعد نماز مغرب شہر بیجا پور کی مشہور و معروف ہوٹل مدھون کے وسیع و عریض فنکشن ہال میں” حج و عمرہ کا آ سان طریقہ” نامی کتاب کی ایک عظیم الشان تقریب رسم اجراعمل میں آئی۔، حافظ و قاری عبدالرحمان صاحب نے تلاوتِ قران مجید کے فرائض انجام دیے، جناب افسر ملا صاحب نے حمد باری تعالیٰ سنائی اور جناب انجینئر سید توصیف حسینی صاحب برادر سجادہ نشین گوگی شریف نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کا نذرانہ پیش کیا۔ جناب آصف بالسنگ نے نہایت موثر انداز میں خطبۂ استقبالیہ دیا اور تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور گل پوشی و شال پوشی کے فرائض انجام دیے۔ تقدس مآب حضرت علامہ سید شاہ یوسف حسینی کامل صاحب قبلہ عم سجادہ نشین بزرگ گوگی شریف نے اس تقریب کی صدارت کے فرائض انجام دیے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت سید شاہ مرتضیٰ حسینی صاحب قبلہ سجادہ نشین درگاہ حضرت ہاشم پیر رحمۃ اللہ علیہ بیجاپور اور جناب شوانند پاٹل صاحب ریاستی وزیر برائے ٹیکسٹائل و ترقیاتی امور کرناٹک و چینی و زرعی مارکیٹنگ حکومت کرناٹک و نگراں وزیر ضلع ہاویری نے شرکت کی۔ حضرت سید شاہ شاہد امین حسینی صاحب قبلہ درگاہ خواجہ امین الدین اعلٰی بیجاپور، حضرت مولانا سید صادق انواری اشرفی قادری صاحب، جناب شوشرن پاٹل صاحب اور جناب یل یل استاد صاحب سابق بلاک کانگریس صدر بیجاپور، جناب امتیاز مشرف صاحب چیئرمین بوائز کالج انجمن اسلام بیجاپور، مہمان اعزازی کے طور پر شریک رہے۔

مؤلف کتاب جناب الحاج محمد شفیع علی مرتضی صاحب شار پیادے وظیفہ یاب انکم ٹیکس آفیسر بیجاپور نے کہا کہ 2009 میں جب وہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے گئے تھے تو انہیں اس بات کا احساس ہوا تھا کہ اکثر لوگ مناسک حج سیکھے بغیر حج و عمرہ کو جاتے ہیں اور حج و عمرہ کے فرائض و واجبات وغیرہ صحیح طور پر ادا نہیں کرتے۔ یہ ساری ملت کے لیے بڑے افسوس کی بات ہے۔اس لیے میں نے سوچا کہ قرآن و حدیث، فقہائے کرام کی تعلیمات کی روشنی میں ایک ایسی کتاب ترتیب دوں کہ جس کے مطالعے کے بعد ہر کوئی صحیح اور آسان طریقے سے حج و عمرہ ادا کر سکے۔ اس کتاب میں عازمین حج و عمرہ کے لیے گھر سے نکل کر واپس گھر پہنچنے تک کی مکمل رہنمائی کی گئی ہے۔ عازمین عورتوں، بچوں، کے مسائل، حجِ بدل کے مسائل، زیارتِ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے آداب اور مقدس مقامات کی زیارتوں کے طریقے وغیرہ تفصیل کے ساتھ واضح کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب ثواب جاریہ کے لیے مفت تقسیم کی جائے گی اور انشائاللہ آئندہ اس کتاب کو کنڑا زبان میں بھی شائع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کتاب کو آن لائن کیا جائے گا تاکہ ساری دنیا کے عازمین اس سے استفادہ کر سکیں۔

مؤلف کتاب نے حضرت علامہ سید شاہ یوسف حسینی قبلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی کے علمی تعاون اور نگرانی کے سبب اس کتاب کی اشاعت میں کامیابی ملی ہے۔مؤلف کتاب نے حضرت مولانا حافظ محمد ابوبکر اشرفی صاحب، حضرت مولانا سید صادق انواری صاحب، حضرت مولانا قاری حافظ یوسف قادری صاحب، جناب آصف بالسنگ صاحب اور جناب سیف اوٹی صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ حضرت مولانا سید صادق صاحب نے جلسے کو خطاب کیا ۔نگرانِ کتاب اور مؤلف کتاب دونوں کو مبارکبادی پیش کی۔ حضرت سید مرتضیٰ حسینی صاحب سجادہ نشین درگاہ ہاشم پیر رحمۃ اللہ علیہ بیجاپور نے نگرانِ کتاب اور مولف کتاب کی خدمات کو سراتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔ حضرت مولانا سید شاہد امین صاحب خواجہ امین الدین اعلی بیجاپور نے خطاب کیا اور مبارک باد دی۔ جناب شیوشرن پاٹل صاحب نے خطاب کیا ۔ انھوں نے بھی مبارکباد پیش کی۔ ریاست وزیر جناب شوا نند پاٹل صاحب نے خطاب کیا اور اس کتاب کو کنڑی زبان میں بھی شائع کرنے کا مشورہ دیا۔

آخر میں صدرِ اجلاس حضرت مولانا سید شاہ یوسف حسینی قبلہ عم سجادہ نشین بزرگ گوگی شریف نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ کتاب جناب الحاج محمد شفیع علی مرتضیٰ صاحب شار پیادے کی انتھک محنت، شوق اور خلوص کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس کتاب کے ذریعہ عازمینِ حج و عمرہ کے ہاتھ میں ایک ایسی مشعل دی ہے جس کی روشنی میں حج و عمرہ کا سفر صحیح اور آسان ہو جائے گا۔ یہ کتاب ساری ملت اسلامیہ کے لیے ایک حسین تحفہ ہے۔ آخر میں حاضرین کی جانب سے کثیر تعداد میں مؤلف کتاب کی گل پوشی و شال پوشی کی گئی۔جناب سیف اؤٹی صاحب نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ شکریہ پر جلسے کا اختتام عمل میں آیا۔اس بات کی اطلاع ایک پریس نوٹ جاری کرکے جناب آصف بالسنگ نے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے