سہارنپور 23 مئی(احمد رضا): صراط الحق ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مدرسہ مرکز صراط الحق فتح پور میں فروغ تعلیم کے لئے *تعلیمی بیداری میٹنگ * منعقد ہوئی جس کی صدارت مرکز صراط الحق کے ناظم مولانا محمد رضوان مظاہری کے والد حاجی شبیر احمد صاحب نے کی میٹنگ میں "مدرسہ اسکول چلو تحریک” چلانے اعلان کیا گیا ہے۔ میٹنگ کے مہمان خصوصی دہلی سے تشریف لائے جمعۃعلماءہند دہلی کے نائب صدر مولانا قاری دلشاد احمد صاحب نے بچوں کے والدین کو تعلیم کے تئیں فکر مند کیا اور کہا کہ اپنے بچوں پر خاص توجہ دیں آنے والا وقت بہت مشکل کا ہوگا جس کا مقابلہ تعلیم کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے انہوں نےکہا کہ اپنے بچوں کی بیاہ شادیاں سادگی سے کریں اور اپنے روز مرہ کے اخراجات بھی کم سے کم کریں مگر اپنے بچوں کو ضرور پڑھائیں ان کی تعلیم پر پیسہ خرچ کر یں انہوں نے دینی و عصری تعلیم ایک ساتھ حاصل کرنے پر زور دیا۔ جامعۃالطیبات نسواں کالج سہارنپور کے منیجر قاری عبدالسبحان رحمانی نے کہا کہ مدارس و اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی تعداد روز بروز گھٹتی جا رہی ہے جو ہمارے لئے ایک لمحۂ فکریہ ہے انہوں نےکہا کہ مدارس میں اس گھٹتی ہوئی بچوں کی تعداد کے پیش نظر ایک منظم تعلیمی بیداری تحریک چلائی جائے انہوں نے کہا کہ آس پاس کے علاقوں میں بچوں کو ساتھ لیکر ریلی کی شکل میں ” مدرسہ اسکول چلو تحریک ” کے ذریعہ تعلیم کا پیغام گھر گھر پہونچایا جائے تاکہ ہمارا ہر بچہ ہر بچی زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکے۔
مرکز صراط الحق کے مدیر و مؤسس مولانا محمد رضوان مظاہری نے گذشتہ تعلیمی رپورٹ پیش کی اور انہوں نےکہا کہ اس سال سے دینی تعلیم اور حفظ و ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کا بھی آٹھویں کلاس تک باضابطہ نظم کیا گیا ہے اور جو لوگ اپنی بچیوں کو دسویں اور بارہویں کلاس کی تعلیم کے لئے دوسرے اسکول کالجوں میں نہیں بھیجنا چاہتے ہیں ان کی بھی مکمل رہنمائی کی جائے گی تاکہ وہ اسی کیمپس میں رہتے ہوئے آگے کی تعلیم بھی حاصل کر سکیں۔ انہوں کہا کہ ہم تعلیم کے اس پیغام کو لیکر چہار جانب جائیں گے اور مدرسہ اسکول چلو تحریک کے ذریعے تعلیم کو عام کرنے کا کام کریں گے میٹنگ میں مرکز کے دیگر امور پر بھی غور و فکر کیا گیا اس موقع پر قاری محمد ریحان صاحب، ماسٹر دیس راج لیکچرار جےکے انٹرکالج ماہی کوٹہ، مولانا عمر فاروق ندوی صاحب وغیرہ نے بھی تبادلۂ خیال کیا میٹنگ میں شرکت کرنے والوں میں محمد اکرم، محمد فرمان، وسیم احمد، حیدر علی مرزا، محمد احسان، صغیراحمد، قاری محمد انظر، ماسٹر نوشاد، حاجی سکندر، عبدالرزاق، قمرالزماں مرزا کے نام قابل ذکر ہیں میٹنگ میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت فرمائی نظامت قاری محمد احمد نے کی اور حضرت مولانا قاری نسیم احمد صاحب کی دعاؤں پر میٹنگ کا اختتام ہوا !
