چٹگوپہ۔ 31؍مئی (عبدالقدیر لشکری): بیدر ضلع کے تعلقہ ہمناآباد کے وارڈ نمبر 1 کی عوام نے آج ہفتہ کوپینے کے پانی کے معاملے کو لے کر ایک احتجاجی ریلی نکالی اور ٹی،ایم،سی،ہمناباد دفترکے احاطے میں خالی گھڑے لے کرمردوخواتین کی کثیرتعداد نے احتجاج منظم کیا ۔ ہمناآباد وارڈ نمبرایک کے رہائشیوں کی جانب سے شکایت یہ تھی کہ تقریباً 15تا20 دنوں سے پینے کا پانی نلوں سے مل نہیں رہاہے۔ تمام نل بند ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کیلئے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ عوام کا سوال تھاکہ دوسرے وارڈ کو پانی چھوڑ کر ہمارے وارڈو کو پانی کیوں نہیں چھوڑاجارہاہے۔ وارڈ نمبر 1 کی عوام نے سابق ایم،ایل،اے راج شیکھر پاٹل ہمناآباد سے ملاقات کرتے ہوئے پانی کے مسائل سے واقف کروایا،اورمدد کی گہار لگائی۔ اس موقع پر گوتم میٹی،مانک میٹی،گنپتی اسٹورے،منوج جیویر،راہل بودے،سنجوکمار گرجی،شانتما ساگر،سرسوتی اوراد،اور دیگر موجود تھے۔
