بیدر۔ 19؍ جولائی(شاروق حسن قادری): ضلع ڈپٹی کمشنر محترمہ شلپا شرما نے کہا کہ ضلع بیدر میں سیاحتی مقامات کے مشاہدے کے لیے فراہم کردہ خصوصی بس سہولت سے عوام کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔وہ ہفتہ کو بیدر قلعہ احاطے میں ضلع انتظامیہ، ضلعی سیاحت محکمہ اور کرناٹک اسٹیٹ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے شروع کیے گئے نئے سیاحتی پروگرام "بیدر درشن” کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔ یہ ایک روزہ سیاحتی پروگرام ہے، جس کے ذریعے ضلع کے مختلف تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور قدرتی مقامات کی سیر کروائی جائے گی۔شلپا شرما نے بتایا کہ اس بس سہولت کے ذریعے عوام کو بیدر قلعہ، گرودوارہ، برید شاہی گارڈن، پاپناش مندر، نرسمہا جھرنہ، اشٹور مقبرے اور چوکھنڈی، بلیک بک سفاری، بسواکلیان کا "انوؤمنڈپ”، قلعہ، بھالکی قلعہ، ہمنا آباد کا ویر بھدریشور مندر، چلاکاپور سدارودھ مٹھ، ہنومان مندر سمیت کئی اہم مقامات کی سیر کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیاح آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ بالغ افراد کے لیے ٹکٹ کی قیمت 685 روپے اور اسکول کے بچوں کے لیے 400 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ سہولت ریاست اور ضلع کے سیاحوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی اور اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر شیو لنگپا نے بتایا کہ ہر روز سیاحتی بس برید شاہی گارڈن سے روانہ ہوگی۔بس کا شیڈول اس طرح ہوگا:صبح 6:30 بجے آغاز،7:30 بجے بلیک بک سفاری،9:30 بجے نرسمہا جھرنامندر،11:30 بجے اشٹور مقبرے اور چوکھنڈی،1:30 بجے گرودوارہ،2:30 بجے دوپہر کے کھانے کا وقفہ،4:30 بجے برید شاہی گارڈن،5:30 بجے پاپناش مندر،6:30 بجے اختتام،رجسٹریشن اور مزید معلومات کے لیے موبائل نمبر 9845624001 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر انڈین آرکیالوجیکل سروے کے افسر انرودھ دیسائی، جنگل لاجز اینڈ ریزارٹس منیجر شیو کمار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے