لکھنؤ: بتاریخ:٣١/جولائی ٢٠٢٥ء بروز جمعرات بہ وقت ١١:٠٠بجے صبح صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی، لکھنؤ کے صدر دفتر میں صوبائی جمعیت کے معزز ارکانِ عاملہ کی ایک مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت امير صوبائی جمعیت جناب حافظ عتیق الرحمن طیبی حفظہ اللہ کے ایماء پر صوبائی جمعیت کے نائب امیر جناب مولانا محمد ابراہیم مدنی/حفظه الله نے فرمائی اور کاروائی صوبائی جمعیت کے ناظم اعلی جناب مولانا شہاب الدین مدنی نے چلائی، میٹنگ کا آغاز جناب حافظ اکرام الدین صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس کے بعد صوبائی جمعیت مشرقی،یوپی کے ناظم اعلی جناب مولانا شہاب الدین مدنی نے اپنے افتتاحی کلمات میں معزز ارکانِ عاملہ کا پرتپاک انداز میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ماہ صوبائی جمعیت کی میٹنگ میں، مَیں نے آپ لوگوں سے یہ وعدہ کیا تھا کہ صوبائی کانفرنس کے مرکزی موضوع اور اس کے ذیلی عناوین کا انتخاب اور بجٹ کا تخمینہ اور اس کی فراہمی پر گفتگو آئندہ ماہ دوسری میٹنگ میں ہوگی۔ حسب وعدہ آج یہ میٹنگ بلائی گئی ہے جس میں صرف صوبائی کانفرنس بہ عنوان "خلفائے راشدین اور تحفظ انسانیت کانفرنس” پر آپ سے گفتگو کی جائے گی اور آپ لوگوں کے مفید مشوروں کی روشنی میں پروگرام کا لائحہ عمل مرتب کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی۔ یہ کانفرس کس جگہ کی جائے؟ جگہ کے انتخاب میں متعدد مشکلات اور پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس ١٣/نومبر٢٠٢٥ء بروز جمعرات بمقام الکبیر لان، اندھے کی چوکی، ہردوئی روڈ۔ لکھنؤ میں منعقد ہوگی، جو صوبائی جمعیت کے صدر دفتر سے قریب تر ہے اور یہاں مشارکین کو پہچننے میں سہولت رہے گی، آپ کے بعد ناظم جمعیت کی خواہش اور گزارش پر صدر مجلس جناب مولانا محمد ابراہیم مدنی نے اپنے کلیدی اور پرمغز خطاب سے تمام سامعین کو مستفید فرمایا، آپ نے جمعیت کے قیام، اھداف و مقاصد اور اس سے منسلک ہوکر جماعتی خدمات سرانجام دینے کے حسیں ثمرات و نتائج بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم انبیاء کے وارث ہیں، ہمیں اس کی عظمت کو سمجھنا چاہیے، جمعیت سے وابستگی اور اس کے نصب العین کی تکمیل ہماری اولین ترجیحات اور مطمح نظر ہے۔

ہمیں برادرانِ وطن کو اپنے اعمال اور عمدہ کردار سے یہ بتانا ہوگا کہ ہم تحفظ انسانیت، امن و شانتی، صلح و آشتی کے شیدائی اور اس کو فروغ دینے والے ہیں۔ ہمارا اسلام دہشت گردی کا شدید مخالف ہے، اس کے انسداد اور خاتمے کے لیے ایسے اصول وضوابط بنائے ہیں جنہیں اپنوں اور بیگانوں نے تسلیم کیا ہے۔

ہمیں دین اسلام کی شفافیت، احترام انسانیت اور انسانی ھمدردی کوفروغ دینے کے لیے ضلعی، صوبائی اور مرکزی سطح سے مؤثر کانفرنس کرنی چاہیے، اسی مقصد کے حصول یابی کی خاطر صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی، یوپی ایک حساس اور اہم موضوع "خلفائے راشدین اور تحفظ انسانیت کانفرنس” پر ماہ نومبر کے دوسرے ھفتہ میں ایک روزہ عظیم الشان کانفرنس کر رہی ہے۔

کانفرنس میں مؤثر اور پرزور خطابت کے علاوہ جماعت کے معتبر ارباب قلم کی علمی مقالات کی خواندگی ہوگی جو حاصل کانفرنس ہوگی۔

آپ تمام حوصلہ مند حاضرین سے اپیل اور گزارش ہے کہ اس عظیم کانفرنس کی مثالی کامیابی کی خاطر مثبت اور ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنے میں آپ لوگ جمعیت کے ذمہ داروں کی ہرممکن مدد کریں تاکہ ان کے عزم و حوصلوں میں اضمحلال پیدا نہ ہو۔

مقامی و ضلعی سطح پر میٹنگ کرکے جماعت کے تمام افراد کو صوبائی کانفرنس کے انعقاد و اہتمام سے آگاہ کریں، سرگرم شرکت کی دعوت دیں، ہم میں سے ہر فرد حسب استطاعت اخلاقی و مالی تعاون پیش کریں۔ تاکہ اس پروگرام کو بہ حسن وخوبی پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔

بعض احباب جماعت کی طرف سے ایک تجویز یہ آئی کہ ضلعی جمعیات کی میٹنگوں میں صوبائی جمعیت کی جانب سے کسی نمائندہ کو شریک کیاجائے اور جس ضلع میں میٹنگ کے انعقاد کے تعلق سے سرد مہری پائی جارہی ہو وہاں کے ذمہ داروں سے تقاضا کرکے میٹنگ کرائیں۔

تمام اضلاع کے امراء و نظماء اور سرگرم نمائندگان نے صوبائی جمعیت کے ناظم اور صدر مجلس کی پیش کردہ تجاویز کی توثیق کرتے ہوئے کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہرممکن تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اپنی بےپایاں مسرت و شادمانی کا اظہار کیا۔

جماعت کے نامور خطبائے کرام اور معتبر مقالہ نگاران کے اسمائے گرامی کی تعین اور دعوت نامہ بھیجنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

سیمینار کنوینر مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی اپنی مفوضہ ذمہ داری کی ادائیگی میں لگ چکے ہیں، بعض معروف مقالہ نگاران سے رابطہ کر چکے ہیں، بعض لوگوں سے رابطہ کرکے ان کی ذھن سازی کررہے ہیں، جلد ہی تمام مقالہ نگاران کو دعوت نامہ بھیج کر جلدی لکھنے کی گزارش کی جائے گی، تاکہ وقت پرتمام مقالات موصول ہو جائیں اور اس کی ترتیب وتدوین اور طباعت پروگرام سے پہلے ہو جائے۔ اللہ آسانی پیدا فرمائے آمین۔

جماعت کے بزرگ عالم باعمل، صوبائی جمعیت کے نائب امیر شیخ الحدیث علامہ عبیداللہ رحمانی مبارک پوری کے خلف الرشید ڈاکٹر عبدالعزیز مدنی، مبارک پوری کی دعائیہ کلمات پر مجلس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔ بعد نمازِ ظہر تمام شرکاء نے کھانا تناول فرمایا۔

میٹنگ میں اضلاع سے امراء، نظماء اور دیگر نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی۔

اس پروگرام کے انتظام و انصرام اور حُسنِ ضیافت میں مولانا فرید الدین فیضی، مولانا تقی الدین حجازی اور حافظ عبدالکریم سلفی صاحبان کی کاوشیں قابلِ قدر رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے