سائنس اور ریاضی کے اساتذہ کا خصوصی تربیتی پروگرام.
مسجد طیبہ انتظامیہ کمیٹی ہاسپیٹ کے زیرِ اہتمام شہر کے سرکاری و نجی اسکولوں کے سائنس اور ریاضی کے اساتذہ کے لیے سائنسی تحقیق سے متعلق ایک منفرد تربیتی پروگرام اسپورٹس کمپلیکس آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں 180 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز سید فیروز پیراں، سائنس فیر کوآرڈینیٹر کے افتتاحی کلمات سے ہوا۔ انہوں نے اساتذہ کی بھرپور شرکت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد واضح کیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تعلیمی ماحول میں طلبہ میں سائنسی و تحقیقی رجحان پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، بصورتِ دیگر تیز رفتار ترقی کے اس دور میں پیچھے رہ جانے کا خطرہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مسجد طیبہ کمیٹی کی تعلیمی، دینی، فلاحی اور سماجی خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔
ورکشاپ کی مرکزی نشست میں ڈائریکٹر اے جے اکیڈمی محمد عبداللہ جاوید صاحب نے اساتذہ کی رہنمائی کرتے ہوئے طلبہ میں تحقیقی مزاج کی اہمیت و ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والے اس سیشن میں درج ذیل نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کا اہتمام کیا گیا:
سائنسی تحقیق اور سائنس فیر کا تعارف
سائنسی طریقہ کار کی وضاحت
تحقیقی نوعیت کے سوالات مرتب کرنے کی مشق
مفروضات لکھنے کے طریقے اور مثالیں
تحقیقی تجربات کے مراحل اور مقامی مسائل پر مبنی سائنسی منصوبہ جات
متغیرات کی قسمیں اور ان کے مطابق عمل درآمد کی عملی مثالیںانہوں نے شہر ہاسپیٹ کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے تحقیقی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا اور کچرے کی نکاسی، اسٹیل انڈسٹری کے اثرات اور تنگا بھدرا ڈیم، ماحولیاتی آلودگی جیسے موضوعات پر اساتذہ کے ساتھ عملی تبادلۂ خیال کیا۔ مشاورت کے بعد یکم ستمبر کو اسکولوں سے پروجیکٹ داخل کرنے کی آخری تاریخ طے پائی جبکہ 29 نومبر 2025 کو ہاسپیٹ بین المدارس سائنس فیر کی تاریخ متعین کی گئی۔
پروگرام کے اختتام پر منتخب اساتذہ نے اپنے تاثرات پیش کیے اور مسجد طیبہ کمیٹی کی اس پہل کو سراہتے ہوئے تربیتی ورکشاپ کو نہایت مفید قرار دیا۔
اختتامی تقریب میں ضلع پریشد سی ای او، جناب علی اکرم شاہ (IAS) نے شرکت کی اور اس پروگرام کو قابل ستائش قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علم کے حصول کا سلسلہ مسلسل جاری رہنا چاہیے اور مختلف شعبہ ہائے علم پر دسترس حاصل کرنے کی کوشش اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، کیوں کہ یہی وسعتِ نظر طلبہ میں جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے۔
ہاسپیٹ انجمن خدمتِ اسلام اور HUDA کے صدر، ایچ این محمد امام نیازی صاحب نے بھی خطاب کیا اور اساتذہ کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مسجد طیبہ کمیٹی کے اقدام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی میدان میں طلبہ کی رہنمائی اساتذہ کی اہم ترین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر علی اکرم شاہ (IAS) اور دیگر مہمانان کے ہاتھوں سائنس فیر لوگو اور اردو، کنڑا اور انگریزی زبانوں میں سائنس فیر گائیڈ بک کی رسم اجرآ عمل میں آئی. جسے بعد ازاں حاضر اساتذہ کی خدمت میں پیش کیا گیا.
