مظفر پور (26 ستمبر): ہمیں خوب یاد رکھنا چاہئے کہ محبت رسول ہمارے ایمان کا جزو لازم اور آیٔ لو محمد اس کا خارجی اظہار ہے۔آیٔ لو محمد کے کہنے اور اس کے بینر اور پوسٹر لگانے کے خلاف مختلف شہروں میں جو پولس کی کاروائی اور گرفتاریاں ہو رہی ہیں وہ ہندوستان کے دستور کے بنیادی حقوق کی دفعات کے خلاف اور مسلمانوں کی عقیدت اور ایمان پر بلا واسطہ حملہ ہے جو انتہائی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے نائب ناظم مفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے اپنی طویل علالت کے بعد ممبیٔ سے لوٹنے کے بعد طیبہ مسجد زکریا کالونی میں ضعف و نقاہت کے باوجود لوگوں کے اصرار پر جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے شفا کے لیے جن لوگوں نے دعائیں کیں اور رابطہ رکھا ان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ایک دوسرا معاملہ وقف ایکٹ 2025کا ہے عدالت کے ذریعہ چند دفعات پر حالیہ عبوری فیصلے نے مسلمانوں کو سخت مایوس کیا ہے۔جن دفعات پر عبوری اسٹے لگایا گیا ہے اس سے وقف کا تحفظ نہیں ہوتا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ جس میں تمام ملی تنظیمیں شامل ہیں نے وقف ایکٹ واپس کرانے کی غرض سے نیا روڈ میپ جاری کیا ہے جس کے تحت گذشتہ جمعہ یوم دعا کے طور پر منایا گیا۔
مسلم پرسنل لاء بورڈ نے اپیل کیا ہے کہ آئندہ 3اکتوبر بروز جمعہ 8 بجے صبح سے 2بجے دن تک مسلمان اپنی دکانیں مسلمانوں پر پولس کی کاروائی اور و قف ایکٹ کے خلاف بند رکھیں۔یہ مسلمانوں کی یک جہتی،اتحاد اور اپنے غم وغصہ کو حکو مت تک پہونچا نے کا ذریعہ ہوگا۔مفتی صاحب موصوف جو مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن تاسیسی بھی ہیں ان کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی ۔
