حیدرآباد 28/اکتوبر(مشرقی آوازجدید): تلنگانہ کے معزز چیف منسٹر جناب ریونت ریڈی صاحب، معروف عالمِ دین و صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا محترم الحاج حافظ پیر شبیر احمد صاحب علیہ الرحمہ کے انتقال پر تعزیت پیش کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ شاہین نگر تشریف لے گئے۔
اس موقع پر جناب حافظ پیر خلیق احمد صابر (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ) نے اپنے تمام برادران کے ہمراہ چیف منسٹر کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے جذبہ ہمدردی و تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔
تعزیتی ملاقات کے دوران تلنگانہ و آندھرا کے مختلف اضلاع کے صدور اور جمعیۃ کے متعدد ذمہ داران بھی موجود تھے۔
جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی کی جانب سے حضرت مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی صاحب (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی) اور حافظ اکبر صاحب (خازن جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی) بھی شریکِ مجلس رہے۔
اس موقع پر ریاست کے سیاسی، ملی اور سماجی مسائل پر کھل کر گفتگو بھی کی گئی، اور باہمی تعاون و رابطہ کے ذریعے عوامی فلاح و ملی استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا گیا۔
یہ ملاقات ایک خوشگوار اور باوقار ماحول میں انجام پائی، جس میں مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے