ذوالقرنین احمد
بلڈانہ: 5 نومبر 2025 بروز بدھ کو FMM فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس ضلع بلڈانہ کی جانب سے امید پورٹل پر رہنمائی کے مقصد سے ضیاء کالونی مسجد کھام گاؤں میں ضلعی سطحی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ناگپور سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے محترم جناب عبد الرؤف شیخ صاحب (سابق ذپٹی کمشنر برائے ترقیاتی اسکیمات ) شریک تھے ۔محترم مزید کئی عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔فی الحال موصوف سینٹر فار سوشل ریسرچ اینڈ امپاورمنٹ ناگپور کے صدر ہیں۔
ان کے علاوہ جمیعت العلماء کے ضلعی صدر محترم جناب شریف صاحب،محترم جناب مولانا حافظ مجاہد صاحب (ضلعی کوارڈینیٹر FMM و ناظم ضلع ساؤتھ جماعت اسلامی ہند بلڈانہ) محترم سہیل فرقان صاحب (ضلعی کوارڈینیٹر FMM و ناظم ضلع نارتھ جماعت اسلامی ہند بلڈانہ) و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔
پروگرام گیارہ بجے مولانا مفتی صدیق صاحب کی تذکیر بالقرآن سے شروع ہوا جس میں مولانا نے اوقاف کی شرعی حیثیت پر گفتگو فرمائی ۔بعد اذاں محترم مولانا حافظ مجاہد صاحب نے افتتاحی کلمات پیش کئے جس میں محترم نے امت کی بے حسی اور وقف و ملت کے مسائل سے لاپرواہی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اوقاف کی حفاظت و اس کی اہمیت پر زور دیا مولانا نے صحابہ کرام کے دور کی مثالیں پیش کرتے ہوئے اس کی اہمیت و ضرورت کو واضح کیا ۔
اس کے بعد محترم سہیل فرقان صاحب نے FMM فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کا تعارف پیش کرتے ہوئے مختصر لیکن جامع گفتگو کی آپ نے FMMکی مختلف موقعوں پر امت کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل پر کی جانے والی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے امت کے اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ امت کو اپنے مسائل کے حل کے لئے متحد ہوکر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
کلیدی خطاب محترم عبد الرؤف شیخ صاحب نے کیا اور ضلع بھر سے آئے ہوئے متولیان کی امید پورٹل کے متعلق بڑی تفصیل سے رہنمائی فرمائی محترم نے امت کی فلاح کے لئے کئے گئے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے بڑی تڑپ کے ساتھ امت کا درد بیان کیا ۔آپ نے قانونی باریکیاں اور ان کا استعمال بتاتے ہوئے حوصلے و ہمت کے ساتھ اور صبر و سکوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کام کرنے پر زور دیا۔ امت میں اپنے مسائل سے لاپرواہی اور عدم دلچسپی پر آپ نے افسوس کا اظہار کیا۔ اس طرح موصوف نے تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ سیر حاصل گفتگو فرمائی جس سے بہت ساری مشکلات حل ہوئیں۔
آخر میں سوالات و جوابات کے سیشن پر پہلے سیشن کا اختتام ہوا ظہر کے بعد آئے ہوئے تمام مہمانان کے لئے طعام کا نظم کیا گیا
دوسرا سیشن 2:30سے شروع ہوا جس میں **امید پورٹل پر فارم کس طرح بھرنا ہے PPT کے ذریعے ورکشاپ لیا گیا جس کو "محترم عتیق الرحمٰن صاحب (ضلعی وقف آفیسر ضلع بلڈانہ) نے بہت ہی سہل انداز میں سمجھایا اور حاضرین کی مشکلات کو دور کیا۔
اسی دوران جن لوگوں کو فارم بھرنا تھا ان کے لئے جماعت اسلامی کی طرف سے چند نوجوانوں کو بٹھاکر یہ کام کیا گیا۔ اس پروگرام کی نظامت محمد اظہارالحق سر نے کی۔ اس طرح قبل از عصر آج کا یہ یک روزہ ورکشاپ اختتام کو پہنچا۔ اس کی کامیابی کے لئے مقامی جماعت اسلامی ہند کھام گاؤں کے ذمہ داران و ارکان و کارکنان اور جمیعت الا لعلماء کے ذمے داران نے انتھک محنت کی ۔
