بیدر۔6؍جنوری(محمدیوسف رحیم بیدری): بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن (BBF) نے دینی شعور کے فروغ اور نماز کی عظمت و اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک تاریخ ساز اور روح پرور قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف عمرہ کے لیے منتخب سعادت مند طلبہ بلکہ اپنی تنظیم کے اُن مخلص رضاکاروں اور معزز ٹرسٹیوں کے اعزاز میں بھی ایک خصوصی عمرہ ٹور کا اہتمام کیا، جنہوں نے ’’آؤ نماز پڑھیں‘‘تحریک کو اخلاص، جذبے اور مسلسل محنت کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کیا۔یہ مہم محض نماز کی ترغیب تک محدود نہیں رہی بلکہ اصلاحِ معاشرہ، بیداری ایمان اور دینی اقدار کی تجدید کی ایک جامع تحریک کی صورت اختیار کر گئی۔ اس تحریک میں پانچ ہزار سے زائد افراد نے سرگرم شرکت کر کے اس بات کا عملی ثبوت پیش کیا کہ اگر دعوت خلوصِ نیت، حکمتِ عملی اور تسلسل کے ساتھ دی جائے تو وہ دلوں میں گھر کر لیتی ہے اور ایک پوری نسل کے رخ کو بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔نماز، جو دینِ اسلام کی بنیاد اور مومن کی روحانی معراج ہے، آج کے تیز رفتار اور مادّی دور میں جس سے غفلت کا مسلمان شکار ہیں، بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن نے اسی غفلت کے خلاف ایک مؤثر، مثبت اور تعمیری جدوجہد کی۔ خاص طور پر یہ بات نہایت مسرّت اور امید کا باعث ہے کہ اس تحریک کے نتیجے میں نوجوانوں میں نماز کی طرف واضح رجحان پیدا ہوا، مساجد میں حاضری بڑھی اور دینی وابستگی کا ایک نیا شعور بیدار ہوا، جو قوم کے لیے نیک شگون ہے۔اس عظیم الشان مہم کی کامیابی میں ڈاکٹر عبدالقدیر صاحب، صدر بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن (BBF)، کی بصیرت، ذاتی دلچسپی اور مسلسل نگرانی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کی مخلصانہ قیادت اور عملی وابستگی ہی کا ثمر ہے کہ’’آؤ نماز پڑھیں‘‘ تحریک ایک مقامی سطح کی سرگرمی سے آگے بڑھ کر ایک مؤثر روحانی تحریک بن گئی، جس کے نتائج آج عمرہ جیسے عظیم اور بابرکت اجر کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔بلاشبہ بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن اور اس کی قیادت نے نماز کی اہمیت کو اجاگر کر کے سماج کو ایمان، اتحاد، نظم و ضبط اور عملی دینداری کی راہ دکھائی ہے۔ یہ تحریک نہ صرف موجودہ دور کے لیے ایک روشن مثال ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک مضبوط دینی ورثہ اور قابلِ تقلید نمونہ ثابت ہوگی۔اس بات کی اطلاع بیدر بیٹرمنٹ فاؤنڈیشن نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے