(احساس فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی وومنس ونگ کی پہل)

جلگاؤں جامود (ذوالقرنین احمد)

(16 فروری): بلڈانہ ضلع کے جلگاؤں جامود میں رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر پہلی بار خواتین کے لیے خصوصی رمضان بازار کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ منفرد اور باوقار اقدام احساس فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کو پردے کے ساتھ محفوظ اور آسان خریداری کا موقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ رمضان المبارک میں عبادت پر زیادہ توجہ دے سکیں اور غیر ضروری طور پر عام بازاروں میں جانے سے بچ سکیں۔

یہ بازار 15 فروری بروز اتوار صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک شادی خانہ، رانی پارک میں منعقد ہوا، جہاں شہر اور اطراف کی بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ اس بازار کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ تمام اسٹالز خواتین نے خود لگائے اور خریداری بھی صرف خواتین نے کی، جس سے مکمل پردے اور باوقار ماحول کا اہتمام برقرار رہا۔
بازار میں ریڈی میڈ سوٹ، ڈریس میٹریل، عبایہ و برقع، میک اپ اور اسکن کیئر مصنوعات، جیولری، مصنوعی زیورات، چوڑیاں، ہینڈ بیگز اور گھریلو تیار شدہ کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز شامل تھے۔ خواتین نے بغیر کسی جھجک کے بھرپور خریداری کی اور اس اقدام کو سراہا۔
تمام اسٹالز مسلم تاجروں کے ہونے کی وجہ سے مقامی سطح پر بھرپور کمائی کا موقع ملا اور خواتین کی کاروباری صلاحیت بھی نمایاں ہو کر سامنے آئی۔ شہر کے مختلف طبقات نے اس پہل کو قابلِ تعریف اور قابلِ تقلید قدم قرار دیا۔
اس کامیاب پروگرام میں ڈاکٹر ثمینہ خان (رکن بلدیہ و ناظمہ مقامی جماعت)، امبرین صدف، غزالہ میڈم، ریشماں عرفان شیخ، فردوس اعجاز دیشمکھ اور دیگر ذمہ داران احساس فاؤنڈیشن و جماعت اسلامی ویمنس ونگ نے بھرپور تعاون کیا۔
منتظمین نے آئندہ بھی اسی نوعیت کی تعمیری سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے