• استقبالِ رمضان میں اصلاحِ نفس اور امت کے اتحاد پر زور
  • امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند محمد اظہر کا خطاب 
ظہیرآباد 16/فروری (مشرقی آوازجدید): رمضان تقویٰ پیدا کرنے اور بندے کو اللہ کی مکمل اطاعت کا خوگر بنانے کا مہینہ ہے جو خدا خوفی اور اطاعتِ الٰہی کا جذبہ بیدار کرتا ہے روزہ دراصل بندے کی عملی تربیت کا ذریعہ ہے سحر و افطار کی پابندی اور دن بھر بھوک و پیاس برداشت کرنا محض ظاہری عمل نہیں بلکہ نفس کی اصلاح اور اللہ کی مکمل فرمانبرداری کی عملی مشق ہے ان خیالات کا اظہار محترم جناب محمد اظہر الدین امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ نے اسلامک سنٹر شانتی نگر ظہیرآباد میں جماعت اسلامی ہند جنوب  کی جانب سے منعقدہ استقبال رمضان کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ  بندہ تنہائی میں بھی اللہ کی نافرمانی سے بچتا ہے جو اس کے ایمان کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے عبدالقادر جیلانی ؒکے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان لوگوں سے تو چھپ سکتا ہے مگر اپنے رب سے نہیں چھپ سکتا اور یہی احساس روزے کی روح ہے انہوں نے ایک بامعنی تمثیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیسے بیٹری چارجنگ سے جڑی ہو مگر سوئچ آن نہ ہو تو چارج نہیں ہوتی اسی طرح رمضان نصیب ہونے کے باوجود اگر انسان اپنے دل اور اعمال میں تبدیلی نہ لائے تو اس کا فائدہ محدود رہ جاتا ہے۔ انہوں نے رمضان کو روحانی توانائی حاصل کرنے اور ایمان کو تازہ کرنے کا سنہری موقع قرار دیا۔ انہوں نے امت کے اتحاد اور باہمی خیر خواہی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روزہ  ’بنیانٌ مرصوص‘ یعنی مضبوط دیوار جیسی اجتماعی قوت پیدا کرتا ہے۔ موجودہ حالات میں چھوٹے چھوٹے مفادات اور دنیاوی جھگڑوں میں الجھ کر ایک دوسرے کو نقصان پہنچانا انتہائی افسوس ناک ہے۔ رمضان ہمیں بھائی چارہ ہمدردی اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیتا ہے اور فطرہ اسی اجتماعی احساس کو بیدار کرنے کا عملی ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند نے قرآن کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے مختلف زبانوں میں تراجم فراہم کیے ہیں تاکہ ہر شخص ہدایت کے اس سرچشمے سے فیض یاب ہو سکے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ رمضان کو محض لذیذ کھانے پینے اور خریداری کا مہینہ نہ بنایا جائے بلکہ اسے اصلاحِ نفس، عبادت، خیر خواہی اور نیکیوں کے ذخیرے جمع کرنے کا موقع سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ دراصل خود احتسابی اور محاسبۂ اعمال کا پیغام دیتا ہے لہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار اور اعمال کا جائزہ لے کر اللہ کے راستے کو اختیار کرے اور اس مبارک مہینے کی برکتوں سے حقیقی فائدہ اٹھائے۔انہوں نے تاکید کی کہ یہ مہینہ اپنے اعمال کا جائزہ لینے اور اللہ کے راستے کو اختیار کرنے کا عملی پیغام دیتا ہے۔
محمد ناظم الدین غوری ناظم ضلع سنگا ریڈی جماعت اسلامی ہند مغربی نے روزہ اور قرآن کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ دراصل تقویٰ اور پرہیزگاری کے حصول کا مؤثر ذریعہ ہےاور نیکیوں کا موسمِ بہار ہے جبکہ قرآن مجید تمام انسانوں کے لئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے جو تمام انسانوں تک پہنچایا جائے اور اس کے پیغام کو پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پروگرام کا آغاز بردار سلطان اعظم کی تلاوت و ترجمانی سے اور سید عبدالرؤف امیر مقامی جماعت اسلامی ہند جنوب نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا جبکہ برادر محمد عرفان نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ برادر محمد اظہر الدین کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ پروگرام میں قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے