ظہیرآباد مسجد راشدہ اسد میں آئی وائی ایم کا اجلاس محمد ناظم الدین غوری ودیگر کا خطاب
ظہیرآباد -9/نومبر (نمائندہ۔جی۔یم): ظہیرآباد مسجد راشدہ اسد اسلامک سنٹر لطیف روڈ پر آئیڈیل یوتھ موومنٹ (IYM) کی کیڈر میٹ کل شام منعقد ہوئی، جس کی صدارت جناب محمد ناظم الدین غوری ناظم ضلع سنگاریڈی مغرب نے کی۔ اجلاس میں 22 نومبر 2026 (اتوار)کو نامپلی نمائش میدان حیدرآباد میں منعقد ہونے والی آئی وائی ایم کی پہلی ریاستی یوتھ کانفرنس کی تیاریوں اور نوجوانوں کی شرکت کے سلسلے میں منصوبہ بندی کی گئی۔پروگرام کا آغاز جناب سید امتیاز کی تذکیر بالقرآن سے ہوا۔ جناب محمداسحاق کوآرڈینیٹر آئی وائی ایم تلنگانہ نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے تحریک کے اغراض و مقاصد اور دور حاضر میں اس کی اہمیت بیان کی۔اس موقع پر جناب محمد ناظم الدین غوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان اپنی جوانی کی قدر پہچانیں اور اپنی صلاحیتوں و قوتوں اور اوقات کا صحیح استعمال کرتے ہوئے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے علمبردار بنیں۔ آئی وائی ایم نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر حرکت و عمل، مثبت سوچ، بلند کردار اور بلند عزائم کی طرف بلاتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نفرتوں کی دیواریں گرا کر انسانیت، محبت اور بھائی چارے کے فروغ اور ملک میں صالح تبدیلی کے لیے مضبوط اجتماعیت کا حصہ بنیں۔ جناب شیخ فرید سابق رکن ریلوے بورڈ اور امیر مقامی ظہیرآباد نارتھ محمد قیصرغوری امیر مقامی ظہیرآبادساوتھ سید عبدالروف نے بھی خطاب کیا۔ اوپن ریاستی کانفرنس میں ظہیرآباد سے کثیر تعداد میں نوجوانوں کی شرکت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ شہر کے ہر وارڈ اور محلے سے نوجوانوں کو کانفرنس میں شریک کروانا ہے۔اس موقع پر محمدمعین الدین معاون ناظم ضلع سنگاریڈی مغرب ضلعی صدر ایم پی جے انجنئیر شہباز الدین معاون امیر مقامی خواجہ نظام الدین ودیگر کثیر تعداد میں شریک رہے ۔ آخر میں 22 نومبر کی ریاستی یوتھ کانفرنس کے پوسٹر کی رسم اجراء انجام دی گئی اور دعا کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا۔۔۔
