حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صاحب کے سانحہ ارتحال پر ریاستی جمعیۃ علماء تلنگانہ کی اظہار تعزیت،،

 حیدرآباد 17/ نومبر(نمائندہ): حضرت مولانا سید احسان الدین صاحب مدظلہ صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ اور محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب خادم جمعیۃ علماء تلنگانہ نے اپنےمشترکہ تعزیتی پیغام میں کہا کہ حیدرآباد دکن ہمیشہ سے علم وعرفان دین و شریعت اور تہذیب وثقافت کا مرکز رہا ہے اس سر زمین پر بڑے بڑے علماء، مشائخ اور مفتیان کرام کو جنم دیا جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ انہی روشن چراغوں میں ایک نام حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صاحب کا ہے۔ آپ کی شخصیت میں علم، عمل، اخلاص اور خلوص کا حسین امتزاج پایا جاتا تھا ۔ آپ نے اپنی زندگی کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رکھا، بلکہ مسجد سے لے کر مدرسے تک، جلسہ گاہ سے لے کر عوامی اجتماعات تک، ہر جگہ دین کی روشنی پھیلائی

مفتی صاحب کی سب سے بڑی خدمت تدریس و تربیت ہے۔ جامعہ نظامیہ میں آپ نے برسوں تک طلباء کو علم دین سے آراستہ کیا۔ آپ کا درس صرف الفاظ کا درس نہیں ہوتا تھا، بلکہ کردار سازی کا درس ہوتا تھا۔ آپ طلباء کو یہ سکھاتے تھے کہ عالم کا مطلب صرف کتابیں پڑھنا نہیں، بلکہ اپنی زندگی کو سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ڈھالنا ہے۔

مفتی صاحب نے ہمیشہ ملت کی رہنمائی کو اپنا فرض سمجھا۔ جب دین اور شریعت پر مداخلت کی کوششیں ہوئیں، تو آپ نے خاموشی اختیار نہیں کی، بلکہ آواز بلند کی۔مسلم پرسنل لاء بورڈ کی "دین بچاؤ، دستور بچاؤ” تحریک میں آپ نے فعال کردار ادا کیا۔ یونائیٹڈ مسلم فورم کے صدر کی حیثیت سے آپ نے ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور ملی یکجہتی کا پیغام دیا۔ آپ کا ماننا تھا کہ اختلاف اپنی جگہ، لیکن ملت کے مفاد پر سب ایک ہیں۔صدر محترم اور جنرل سکریٹری صاحب نے کہا کہ

ہم مرحوم کے اہل خانہ، صاحبزادگان، اہل خاندان، شاگردوں اور تمام متعلقین کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ مفتی صاحب کی مغفرت فرمائے، ان کی دینی، ملی اور سماجی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

واضح رہے کہ مفتی صاحب کو امسال جمعیۃ علماء کے ٹرم (2024/ تا 2027 ) ریاستی جمعیۃ علماء کا مدعوئین خصوصی متعین کیا گیا تھا۔

اسی طرح صدر محترم نے جمعیۃ علماء تلنگانہ کے ضلعی صدور نظمائے اعلی اور کارکنان جمعیۃ سے اپیل کی ہے کہ مفتی صاحب کےلئے ایصال ثواب اور دعائیں مغفرت کا اہتمام فرمائیں ۔۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے