بلا لحاظ مذہب و ملت چھوٹے تاجروں، کاروباریوں اور ضرورت مندوں کو بلا سودی قرضوں کی فراہمی

ظہیرآباد 20/ نومبر (نمائندہ۔جی۔یم): معاشرے کو سودی لین دین سے پاک کرنے اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو خود کفیل بنانے کے مقصد سے سروت انٹرسٹ فری مائیکرو فائنانس تلنگانہ ریجن کی جانب سے ریاست بھر میں 15 روزہ خصوصی مہم ’’سود سے پاک ہمارا سماج‘‘ کا آغاز کیا گیا۔مہم کے آغاز کے سلسلے میں خدمت میاکس ظہیرآباد کے صدر محمد رفیع الدین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کا بنیادی مقصد سودی لین دین سے پاک معاشرے کی تشکیل کے ساتھ معاشی طور پر کمزور افراد کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ادارے کی جانب سے بلا لحاظ مذہب و ملت چھوٹے تاجروں، کاروباریوں، بیوپاریوں اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ضرورت مند افراد کو بلا سودی قرضوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے ساتھ معاشی استحکام حاصل کرسکیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ادارے کی خدمات کسی مخصوص مذہب یا طبقے تک محدود نہیں ہیں بلکہ ہر ضرورت مند فرد اس سہولت سے استفادہ کرسکتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مذہبی اور سماجی تفریق سے بالاتر ہوکر ضرورت مندوں کو مالی تعاون فراہم کرنا اور انہیں خود کفالت کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ اس سلسلے میں محمد ایوب احمد ممبر بی ایم سی نے بتایا کہ ظہیرآباد میں گزشتہ 11 برسوں سے سروت انٹرسٹ فری مائیکرو فائنانس سوسائٹی سرگرم عمل ہے اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اس کی خدمات سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تلنگانہ میں قائم 46 سوسائٹیز کے ذریعے اب تک ہزاروں افراد کو بلا سود قرض فراہم کیے جاچکے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد چھوٹے کاروباریوں کو اپنے کاروبار میں توسیع اور معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملی ہے۔
دریں اثنا محمد نصیرالدین ممبر بی ایم سی ظہیرآباد نے سہولت ریسرچ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (SRDF) کا تعارف پیش کرتے ہوئے ادارے کے ویژن 2030 کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے علاوہ  ہندوستان کی ریاستیں مہاراشٹرا، اترپردیش، بنگال میں بھی بلا سودی مائیکرو فائنانس نظام کو فروغ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت سال 2030 تک مزید 100 نئی شاخیں قائم کرنے اور تنظیم کی رکنیت کو پانچ لاکھ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ 15 روزہ خصوصی مہم کے ذریعے عوام میں بلا سودی مالیاتی نظام کے فوائد سے متعلق شعور بیدار کرنے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس سماجی و معاشی تحریک سے وابستہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ مذہب و ملت کی تفریق سے بالاتر ہوکر اس تحریک کا حصہ بنیں اور ایک خوشحال، خود کفیل اور سود سے پاک معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔
ادارے کا پیغام ہے: ’’آئیے! مل کر سود کا خاتمہ کریں اور ہر گھر میں خوشحالی لائیں۔‘‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے